بلدیہ تانڈور کا اجلاس، بناءاِن کی دستخط کے ایجنڈہ کی تیاری اورمنظوری پر صدرنشین بلدیہ برہم، دوبارہ اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ

وقارآباد ضلع: بلدیہ تانڈور بھی سیاسی طاقت آزمائی کا اکھاڑہ بن گیا!!
اجلاس میں برسراقتدار ٹی آرایس کے ارکان بلدیہ دو گروپس میں تقسیم
بناء ان کی دستخط کے ایجنڈہ کی تیاری،پیشکش اور منظوری پر صدرنشین بلدیہ برہم
ایجنڈہ کو منسوخ کرنے،دوبارہ ایجنڈہ تیار کرتے ہوئے اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ

وقارآباد/تانڈور: 23۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)

یہ بات سب پر عیاں ہے کہ ضلع وقارآباد کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی کی گروپ بندی عروج پر ہے! اور یہ دونوں گروپس وقفہ وقفہ سے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے رہتے ہیں۔جبکہ گزشتہ دنوں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی یہ کہتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کرچکے ہیں کہ تانڈور ٹی آرایس پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے!!لیکن کل 21 جنوری کو منعقدہ بلدیہ تانڈور کے اجلاس میں پارٹی کے ارکان بلدیہ میں موجود گروپ بندی دوبارہ آشکار ہوگئی ہے!!۔

دفتر بلدیہ کے کونسل ہال میں منعقدہ اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے شرکت کی۔جبکہ اس اجلاس میں صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،نائب صدرنشین بلدیہ دیپا نرسملو کے علاوہ برسراقتدار ٹی آر ایس پارٹی،مجلس اتحادالمسلمین،کانگریس،بی جے پی،ٹی جےایس اور سی پی آئی کے فلورلیڈرس،ارکان بلدیہ اور معاون ارکان بلدیہ کے علاوہ آر ڈی او تانڈور و انچارج کمشنر بلدیہ اشوک کمار نے شرکت کی۔

اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی 48 نکات پرمشتمل ایجنڈہ پڑھنے کا جب آغاز ہوا تو چند ٹی آرایس پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان بلدیہ نے اس ایجنڈہ کی منظوری پرمشتمل ایک مکتوب انچارج کمشنر بلدیہ اشوک کمار کے حوالے کیا۔

جس پر صدرنشین بلدیہ سواپنا پریمل،ٹی آرایس فلورلیڈر شوبھارانی اور دیگر نے شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس ایجنڈہ پر صدرنشین بلدیہ کی دستخط موجود نہیں ہے اور صدرنشین بلدیہ کی جانب سے پیش کی گئیں تجاویز کو اس ایجنڈہ میں شامل نہیں کیا گیا ہے تو کس طرح اس ایجنڈہ کو پیش کرتے ہوئے منظوری دی جاسکتی ہے اور وہ اس ایجنڈہ کو مسترد کرتے ہیں۔

بعدازاں انہوں نے رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کو ایک مکتوب حوالے کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آج منظور کیے گئے اس ایجنڈہ کو منسوخ کردیا جائے اور تین دن بعد نیا ایجنڈہ ترتیب دیتے ہوئے دوبارہ بلدیہ کا اجلاس طلب کیا جائے۔جس پر رکن اسمبلی نے انچارج کمشنر بلدیہ اشوک کمار کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملہ میں تحقیقات کے بعد اقدام کریں۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے اس اجلاس میں کہا کہ تمام ارکان بلدیہ تانڈور کی ترقی کے اقدامات کو یقینی بنائیں اس کے لیے انہوں نے تعاون کا بھی اعلان کیا۔

اجلاس میں برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی کے ارکان بلدیہ کے درمیان ہی ہنگامہ آرائی کے مناظر دیکھے گئے۔

اس موقع پر صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے کہا کہ اس اجلاس میں پیش کردہ ایجنڈہ کے نکات کو منظوری نہیں دی گئی ہے اور وہ اس ایجنڈہ کو مسترد کرتی ہیں۔انہوں نے ان کی دستخط کے بغیر ایجنڈہ کی تیاری اور پیشکشی پر عہدیداروں پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بلدی قانون 40/2 کے تحت انہوں نے اس ایجنڈہ کی منسوخی، دوبارہ تیاری اور اجلاس کے دوبارہ انعقاد کے مطالبات پر مشتمل ایک میمو حوالے کیا ہے۔

ساتھ ہی صدرنشین بلدیہ نے انتباہ دیا کہ اگر ان کی نوٹس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو وہ ضلع کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ محکمہ بلدی نظم و نسق کے اعلیٰ عہدیداروں اور ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر سے اس معاملہ کو رجوع کریں گی۔

دوسری جانب آر ڈی او تانڈور اشوک کمار جو کہ بلدیہ تانڈور کے انچارج کمشنر بھی ہیں نے واضح کیا کہ 48 نکات پرمشتمل بلدیہ کے اس ایجنڈہ کو زیادہ تر ارکان بلدیہ نے منظوری دے دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بلدی قوانین کے 216کے 6 ویں قاعدہ کے مطابق زیادہ ارکان بلدیہ کی تائید کے بعد ہی اس ایجنڈہ کو منظوری دی گئی ہے۔

انچارج کمشنر بلدیہ اشوک کمار نے صدرنشین بلدیہ سواپنا پریمل کی اس شکایت کو مسترد کرتے ہوئے کہ ایجنڈہ پر ان کی دستخط موجود نہیں ہے کہا کہ دو تین مرتبہ دستخط حاصل کرنے کے لیے صدرنشین بلدیہ سے ربط قائم کیا گیا تھا تاہم انہوں نے نظرانداز کردیا!! انچارج کمشنر بلدیہ اشوک کمار نے کہا کہ 24 گھنٹوں کے بعد صدرنشین بلدیہ کی دستخط کے بغیر بھی اجلاس میں ایجنڈہ پیش کرنے کا قانون موجود ہے۔اور اسی کے تحت آج اجلاس میں ایجنڈہ پیش کیا گیا۔

انچارج کمشنر بلدیہ اشوک کمار نے بتایا کہ بلدیہ تانڈور کے جملہ 36 ارکان بلدیہ میں سے 25 ارکان بلدیہ نے آج ایجنڈہ کو منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ صدرنشین بلدیہ کی جانب سے ایجنڈہ کی منسوخی کے لیے کی گئی نمائندگی اور ایجنڈہ کی تیاری ومنظوری سے متعلق تفصیلی رپورٹ ضلع کلکٹر اورمحکمہ بلدیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو روانہ کریں گے۔

اجلاس کے اختتام کے بعدصدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے ٹی آرایس پارٹی فلور لیڈر شوبھارانی اور دیگر ارکان بلدیہ کے ساتھ اپنے چیمبر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اجلاس میں عہدیداروں اور اپوزیشن کے ارکان بلدیہ نے ایجنڈہ کی منظوری کی سیاست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انچاج کمشنر بلدیہ اشوک کمار کی جانب سے ان کی دستخط کے بغیر ایجنڈہ پیش کرنا اور اپوزیشن ارکان بلدیہ کی جانب سے اس ایجنڈہ کو منظور کرنا غلط اقدام ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلدی عہدیدار اور اپوزیشن کے ارکان بلدیہ ان کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے انہیں نیچا دکھانے کی سازش کررہے ہیں۔

صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے کسی کا نام لیے بغیر دوٹوک لہجہ میں کہا کہ عہدیدار اپنی ملازمتوں سے ہٹ کر سیاسی میدان میں آجائیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ چند اپوزیشن کے ارکان بلدیہ ٹی آرایس پارٹی کے ارکان بلدیہ کے ساتھ مل کر انہیں قدم قدم پر روکنے میں مصروف ہیں۔

صدرنشین بلدیہ نے استفسار کیا کہ ٹی آر ایس ٹاؤن صدر کی جانب سے ایک مقامی ہوٹل میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے بلدیہ کے اجلاس میں پیش کئے گئے ایجنڈہ پر بات چیت اور اس کی منظوری کا جواز کیا ہے؟انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر آج منظور کیا گیا ایجنڈہ منسوخ نہیں کیا جاتا تو پھر وہ اعلیٰ سطح پر شکایت کریں گی۔

کل ہونے والے بلدیہ تانڈور کے اس ہنگامہ خیز اجلاس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑگئی ہے کہ ٹی آر ایس پارٹی قائدین اور ارکان بلدیہ تانڈور کے مسائل حل کرنے کے بجائے گروپ بندی کے ذریعہ خود آپس میں ہی الجھے ہوئے ہیں!!جس سے تانڈور کی ترقی کو لگام لگ گئی ہے!!