تانڈور کوروناوائرس کی لپیٹ میں! آج 91 افراد متاثر،جاریہ ماہ اب تک 337 کیس درج، احتیاطی اقدامات لازمی

وقارآباد ضلع کا تانڈور کوروناوائرس کی لپیٹ میں!
آج 91 افراد متاثر،جاریہ ماہ اب تک 337 کیس درج
لاپرواہی سے مزید اضافہ کا امکان! احتیاطی اقدامات لازمی

وقارآباد/تانڈور: 18۔جنوری (سحرنیوز ڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کا تانڈور جاریہ سال کے آغاز سے کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔دن بہ دن تانڈور میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ تشویشناک حد تک جاری ہے۔

حکومت،محکمہ صحت کے ماہرین اور محکمہ پولیس کی جانب سے عوام کو احتیاطی اقدامات کی صلاح دئیے جانے اور محکمہ پولیس کی جانب ماسک نہ پہننے والوں کو چالانات عائد کیے جانے کے باؤجود عوام کورونا وائرس سے تو خوفزدہ ہیں لیکن احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کے موڈ میں نظر نہیں آرہے ہیں!!۔

عوامی مقامات،ہوٹلوں اور بازاروں،دکانات اور تجارتی اداروں میں وہی ہجوم،سڑکوں پر وہی مجمع اور وہی ٹریفک!

دوسری جانب بشمول تانڈور،ریاست کے کئی اضلاع اور ملک کی مختلف ریاستوں میں بخار،کھانسی،زکام اور سر درد و بدن درد کی علامتوں سے عوام الگ پریشان ہیں۔

ایسے میں وقارآباد ضلع کے تانڈور میں کورونا وائرس کے متاثرین میں دن بہ دن اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جو کہ عوام کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے!

کیونکہ گزشتہ دو سال کے دؤران آنے والی کوروناوائرس کی دونوں لہروں کے دؤران اتنے کورونا کیس تانڈور میں ریکارڈ نہیں ہوئے تھے جتنے کہ نئے سال کے آغاز کے بعد سے ریکارڈ ہورہے ہیں۔

تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں حکومت کی ہدایت کے بعد مشتبہ افراد کے نمونوں کی جانچ میں اضافہ کے ساتھ کوروناوائرس کے متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔بشمول تانڈور ٹاؤن کے قریبی مقامات کے افراد اپنا کوویڈ ٹسٹ کروانے کے لیے بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچ رہے ہیں۔ 

انچارج پی پی یونٹ گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈور ڈاکٹر بھاسکر نے بتایا کہ آج 18 جنوری بروز منگل تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں 206 افراد کے نمونوں کی جانچ کی گئی تو ان میں سے 91 افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔

تانڈورکے گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں 12 جنوری بروز چہارشنبہ 60 افراد کے نمونوں کی جانچ کی گئی تھی تو ان میں سے 9 افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئےتھے۔

وہیں 13 جنوری کو 99 افراد کے نمونوں کی جانچ کے بعد ان میں 22 افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے۔

جبکہ 14 جنوری کو 26 افراد کوروناوائرس سے متاثر پائے گئے تھے۔

اسی طرح اتوار 16 جنوری کو تانڈور میں 43 افراد کی رپورٹ کوویڈ پازیٹیو آئی تھی۔

اور کل 17 جنوری بروز پیر تانڈور کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال میں طبی نمونوں کی جانچ کے بعد 60 افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے تھے۔

کل پیر کو انچارج پی پی یونٹ گورنمنٹ ضلع ہسپتال تانڈور ڈاکٹر بھاسکر نے بتایا تھا کہ اس ماہ کے آغاز سے 17 جنوری تک تانڈور میں 246 افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔جبکہ آج بروز منگل 18 جنوری 91 مزید افراد کوویڈ پازیٹیو پائے گئے ہیں تو اس طرح تانڈور میں جاریہ ماہ آج تک جملہ 337 افراد کوویڈ سے متاثر ہوئے ہیں۔

وہیں پدیمول منڈل میں بھی کوویڈ متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔جہاں کل پیر کو دس افراد کوویڈ سے متاثر پائے گئے تھے جن میں 8 متاثرین کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے۔

تانڈور میں کورونا وائرس متاثرین کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے لازمی ہوگیا ہے کہ عوام سخت احتیاطی اقدمات کو خود پر لازمی کرلیں۔ڈاکٹرس اور محکمہ پولیس نے انتباہ دیا ہے کہ اگر متاثرین کی تعداد میں اضافہ کا یہی سلسلہ جاری رہا تو پھر تانڈور میں کورونا پازیٹیو معاملات میں مزید اضافہ کا امکان ہے!۔

اس لیے عوام کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں،گھر سے نکلتے وقت ماسک لازمی طور پر پہنیں،انسانی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں۔ بناء کسی ضرورت مکانات سے باہر نہ نکلیں،عوامی مقامات اور ہجوم سے دور رہیں ساتھ ہی سینی ٹائزر کا استعمال کریں۔