چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھرراؤ کی صدارت میں ریاستی کابینہ کا اجلاس، وزیرصحت نے کورونا سے متعلق مکمل رپورٹ پیش کی

 چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھرراؤ کی صدارت میں ریاستی کابینہ کا اجلاس
وزیرصحت ہریش راؤ نے کورونا معاملات سے متعلق مکمل رپورٹ پیش کی
عوام خوفزدہ نہ ہوں،افواہوں پر یقین نہ کریں،کوویڈ قواعد پرعمل کریں
مہیلا یونیورسٹی کے قیام اور سرکاری اسکولوں میں انگریزی ذریعہ تعلیم کو منظوری

حیدرآباد: 17۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ کی صدارت میں آج دوپہر 2 بجے سےپرگتی بھون حیدرآباد میں ریاستی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اس اجلاس کے دؤران ریاستی عوام میں تجسس پایا جاتا تھا کہ حکومت ریاست میں نائٹ کرفیو کا یا مختلف پابندیوں کا اعلان کرسکتی ہے!

یہی تجسس رات ساڑھے 9 بجے تک بھی قائم ہے!! اس خبر کے لکھے جانے تک (رات ساڑھے 9 بجےتک) حکومت کی جانب سے نائٹ کرفیو یا مختلف پابندیوں کا ہنوز کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے کوروناوائرس اور اومیکرون کے بڑھتے معاملات،متاثرین کی تعداد،متاثرین کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور اموات پرمشتمل ایک تفصیلی رپورٹ کابینہ کے اس اجلاس میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں حالات مکمل قابو میں ہیں اور ریاستی محکمہ صحت تمام حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ساتھ ہی ریاستی عوام کو وزیرصحت نے مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلہ میں ہرگز خوفزدہ یا پریشان نہ ہوں اور افواہوں و اندیشات پر یقین نہ کریں۔

ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے اس کابینی اجلاس کو بتایا کہ ریاست میں اب تک پانچ کروڑ اہل افراد کوویڈ ویکسین دئیے جاچکے ہیں اور مزید افراد کو ویکسین دئیے جائیں گے۔

وزیر صحت ٹی۔ہریش راؤ نے ریاست کے عوام کو مشورہ دیا کہ کوویڈ کی روک تھام کے لیے عوام کا تعاون لازمی ہے اور عوام اس کے لیے لازمی طور پر کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں ماسک لازمی طور پر پہنیں اور انسانی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں اور عوامی ہجوم و اجتماعات سے دور رہیں۔

ان تمام تفصیلات سے واقفیت کے بعد چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ،محکمہ صحت اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ محکمہ بلدیہ اور محکمہ پنچایت کے تعاون سے کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے عمل میں تیزی لائی جائے۔اور تمام اضلاع کے ذمہ دار وزرا کو چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ وہ اس سلسلہ میں ضلع کلکٹران کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں۔

ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ ریاستی محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے ریاستی کابینہ کے اس اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندرا شیکھرراؤ کو یہ سفارش پیش کی گئی کہ فی الوقت ریاست میں نائٹ کرفیو یا لاک ڈاؤن کے نفاذ کی ضرورت نہیں ہے اور حالات مکمل قابو میں ہیں!!

رات ساڑھے دس بجے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاستی کابینہ کا اجلاس ہنوز جاری ہے۔اس اجلاس میں کیے گئے دیگر فیصلوں سے بھی جلد ہی واقف کروایا جائے گا۔اور اجلاس کی مکمل تفصیلات جاری کی جائیں گی۔کابینہ کے اس اجلاس سے متعلق تفصیلات ٹوئٹر کے Telangana CMO# ہینڈل پر فراہم کی گئی ہیں۔” (Updated) 

ریاستی کابینہ نے اس اجلاس میں وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی کی جانب سے ریاست میں ایک”مہیلا یونیورسٹی” کے قیام کی تجویز کو منظوری دیتے ہوئے ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ کابینہ کے اجلاس میں اس سلسلہ میں مکمل منصوبہ پیش کریں۔

کابینہ کے اس اجلاس میں خانگی اسکولوں کی لوٹ کھسوٹ کو روکنے کی غرض سے طئے کیا گیا کہ آئندہ تعلیمی سال سے ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں انگریزی ذریعہ تعلیم کا بھی آٖغاز کیا جائے۔اور اس کے لیے ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی کی صدارت میں ایک کابینہ کی سب کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں ریاستی وزرا کے ٹی آر، ٹی۔ہریش راؤ،کوپولا ایشور،تلسانی سرینواس یادو،سرینواس گوڑ،نرنجن ریڈی،پوواڈا اجئے کمار،جگدیش ریڈی، پرشانت ریڈی اور ایرابیلی دیاکر راؤ شامل رہیں گے۔

اس اجلاس میں طئے کیا گیا کہ ریاست میں سرکاری اسکولوں کو بہتر بنانے کی غرض سے آئندہ اسمبلی اجلاس میں ایک جدید قانون وضع کرتے ہوئے منظور کیا جائے۔سرکاری اسکولوں کی حالت بہتر بنانے اور طلبہ کو تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے 7،289 کروڑ کے صرفہ سے "منا اُورو۔منا بڈی” (ہمارا گاؤں۔ہمارا اسکول)” منصوبہ کو کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی گئی۔

اس اجلاس میں ریاستی کابینہ کی صلاح کے بعد طئے کیا گیا کہ کل 18 جنوری کو چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ ورنگل ضلع کا دؤرہ کرتے ہوئے غیرموسمی بارش سے تباہ ہونے والی فصلوں کا مشاہدہ کریں گے۔

پہلے ایسی اطلاع تھی کہ ریاستی کابینہ کے اجلاس کے بعد چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ خود پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلوں کا اعلان کریں گے۔بعدازاں اس پریس کانفرنس کو منسوخ کردیا گیا۔

دوسری جانب ریاستی کابینہ کے جاریہ اجلاس کے دؤران ہی سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہوگیا تھا کہ حکومت نے ریاست میں نائٹ کرفیو کے نفاذ کا فیصلہ/اعلان کردیا ہے۔جبکہ سرکاری طور پر ہنوز ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

بعض غیرذمہ دار افراد گزشتہ سال کوویڈ وباء کے دؤران ریاست میں نافذ کردہ نائٹ کرفیو کے قدیم ویڈیوز اور میڈیا نیوز کلپس کو وائرل کرکے عوام میں خوف و دہشت پھیلانے میں مصروف تھے۔ایسی اطلاعات پر یقین نہ کیا جائے۔

قبل ازیں ایسی اطلاعات زیر گشت تھیں کہ ریاست میں 20 جنوری سے نائٹ کرفیو کے نفاذ کا امکان ہے!! تاہم سرکاری طور پر آج رات دس بجے تک بھی ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

 

 

cm-kcr-discussing-covid-situation #10PMNews#