تلنگانہ میں کل سے لاک ڈاؤن اور نائٹ کرفیو کی سوشل میڈیا پر افواہیں: ڈائرکٹر محکمہ ہیلتھ کا ردعمل

تلنگانہ میں کل سے لاک ڈاؤن اور نائٹ کرفیو کی سوشل میڈیا پر افواہیں
ڈائرکٹر محکمہ ہیلتھ ڈاکٹر سرینواس راؤ کا ردعمل

حیدرآباد :03۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس بالخصوص واٹس ایپ پر ایسی اطلاعات تیزی کے ساتھ زیر گشت ہیں کہ ریاست تلنگانہ میں کل سے لاک ڈاؤن یا پھر نائٹ کرفیو نافذ کیا جانے والا ہے۔ان اطلاعات سے عوام میں تجسس اور خوف پیدا ہوگیا ہے۔

اس سلسلہ میں ریاستی محکمہ صحت کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے وضاحت کی ہے اور  سوشل میڈیا پر وائرل ایسی اطلاعات کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے وہ ان افواہوں پر یقین کرکے ہرگز خوفزدہ یا پریشان نہ ہوں۔

انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی حال میں ریاست میں نائٹ کرفیو یا لاک ڈاؤن نافذ نہیں کیا جارہا ہے اور حکومت نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے ایسی غیر مصدقہ افواہوں کو سوشل میڈیا پر وائرل نہ کرنے کی بھی اپیل کی ہے جس سے عوام میں بے چینی اور خوف پیدا ہو۔

دوسری جانب ریاست میں کل سے نائٹ کرفیو یا لاک ڈاؤن کے نفاذ کی اطلاعات فون پر بھی ایک دوسرے کو دی جارہی ہیں۔جبکہ یہ غیر مصدقہ اطلاع ہے اور اس سلسلہ میں سرکاری طور پر ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔