جہاں بجتی ہیں شہنائیاں،ماتم بھی وہیں ہوتا ہے!!
سب انسپکٹر پولیس وقارآباد سرینواس نائیک سڑک حاد ثہ میں ہلاک
پانچ دن قبل ہی ہوئی تھی شادی،آٹورکشا کو بس کی ٹکر،والد بھی ہلاک
وقارآباد/نلگنڈہ: 01۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
سب انسپکٹرپولیس۔1 وقارآباد سرینواس نائیک آج شام دیر گئے نلگنڈہ کے قریب ایک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔
سرینواس نائیک نے اپنی پولیس تربیت کی تکمیل کے بعد وقارآباد پولیس اسٹیشن میں سب انسپکٹرپولیس۔1 کے عہدہ کا حال ہی میں جائزہ حاصل کیا تھا۔
دو تین دنوں تک خدمات انجام دینے کے بعد وہ 26 ڈسمبر کو اپنی شادی کے لیے رخصت پر اپنے گاؤں گئے ہوئے تھے۔
آج شام وہ اپنے افراد خاندان کے ساتھ مندر کے درشن کے بعد آٹورکشا کے ذریعہ واپس ہورہے تھے کہ نلگنڈہ میں آرٹی سی بس نے ان کے آٹورکشا کو ٹکر دے دی جس میں سب انسپکٹر پولیس وقارآباد سرینواس نائیک اور ان کے والد کی جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔

سب انسپکٹر پولیس وقارآباد سرینواس نائیک رنگاریڈی ضلع کے پلّے تانڈہ کے ساکن تھے اور شادی کے بعد مندر میں درشن کی غرض سے نلگنڈہ روانہ ہوئے تھے کہ بدقسمتی سے یہ حادثہ پیش آیا۔
اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
طویل،صبر آزما جدوجہد اور پولیس تربیت کا حصول پھر وقارآباد میں سب انسپکٹر پولیس کے عہدہ پر پہلی مرتبہ متعین ہونے کے چند دن اور اپنی شادی کے صرف پانچ دن بعد سب انسپکٹر پولیس سرینواس نائیک کی حادثہ میں موت پر شدید افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
نلگنڈہ میں پیش آئے اس حادثہ میں سب انسپکٹر پولیس وقارآباد سرینواس نائیک کی المناک موت کی اطلاع کے بعد وقارآباد ضلع اور ضلع کے محکمہ پولیس میں غم کی لہر دؤڑ گئی ہے۔
رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند نے سب انسپکٹر پولیس سرینواس نائیک کی حادثہ میں موت پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سب انسپکٹر پولیس وقارآباد سرینواس نائیک کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقارآباد کا پولیس محکمہ اور عوام ایک بہترین اور نرم مزاج پولیس انسپکٹر کی خدمات سے محروم ہوگئے۔

