تلنگانہ اور تمل ناڈو کے چیف منسٹرس کے سی آر اور اسٹالن کی چنئی میں ملاقات،ریاستوں کے ساتھ مرکزی حکومت کے رویہ پر تبادلہ خیال!!

تلنگانہ اور تمل ناڈو کے چیف منسٹرس کے سی آر اور اسٹالن کی چنئی میں ملاقات
ریاستوں کے ساتھ مرکزی حکومت کے رویہ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال!

چنئی:14۔ڈسمبر(سحر نیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے آج شام چنئی میں چیف منسٹر تمل ناڈو ایم کے اسٹالن سے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر ملاقات کی۔

چیف منسٹر تمل ناڈو کے ٹوئٹر ہینڈل پر اس موقع کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے تمل زبان میں لکھا گیا ہے کہ "چیف منسٹر ایم کےاسٹالن نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ جنہوں نے آج ان کی رہائش گاہ کا دؤرہ کیا،انہیں آج صبح تھروتھنی میں منعقدہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپ نمائش میں حاصل کردہ مصنوعات کا یادگارمومنٹو پیش کیا گیا”۔

چیف منسٹر تمل ناڈو کے اسی ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کرتے ہوئے تمل زبان میں ٹوئٹ کیا گیا ہے کہ” جناب وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اپنی رہائش گاہ پر وزیراعلیٰ تلنگانہ جناب کے ۔چندرشیکھر راؤ کا والہانہ استقبال کیا۔

جبکہ چیف منسٹر تمل ناڈو ایم کے اسٹالن کے اسی ٹوئٹر ہینڈل پر ایک فیملی گروپ فوٹو بھی پوسٹ کرتے ہوئے تمل زبان میں ٹوئٹ کیا گیا ہے کہ ” عزت مآب وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

اس تصویر میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ،ان کی اہلیہ محترمہ کے بشمول چیف منسٹر کے فرزند و وزیر آئی ٹی،و بلدی نظم نسق کے۔تارک راماراؤ،چیف منسٹر تمل ناڈو ایم کے اسٹالن، ان کی اہلیہ محترمہ، فرزند اُدئیا نِدھی جو کہ ڈی ایم کے پارٹی کے رکن اسمبلی بھی ہیں کے علاوہ دونوں چیف منسٹرس کے دیگر افراد خاندان بھی موجود ہیں۔

دونوں چیف منسٹرس کے افراد خاندان کی اس ملاقات کے بعد چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ اور چیف منسٹر تمل ناڈو ایم کے اسٹالن نے بہت دیر تک اکیلے میں مختلف سیاسی معاملات پر گفتگو کی۔

قبل ازیں چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے یادادری مندر کی تزئین کے بعد منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت لیے چیف منسٹر تمل ناڈو ایم کے اسٹالن کو باقاعدہ دعوت دی۔

سمجھارہا ہے کہ ان دونوں چیف منسٹرس نے بی جے پی قیادت والی ریاستوں اور دیگر جماعتوں والی ریاستوں کے ساتھ مرکزی حکومت کے رویہ اور دوہرے معیار پر بھی بات کی ہے؟ اور ان دونوں نے اس پر اتفاق کیا کہ مرکزی حکومت ریاستوں کے حقوق کو سلب کرنے میں مصروف ہے!!

امکان جتایا جارہا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ چاہتے ہیں کہ ریاستوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کی جانب سے مرکزی حکومت کے خلاف کھولے گئے محاذ میں چیف منسٹر تمل ناڈو ایم کے اسٹالن کو بھی شامل کیا جائے!۔وہیں وزیرآئی ٹی و بلدی نظم و نسق حکومت تلنگانہ کے۔تارک راماراؤ (کے ٹی آر) نے بھی چیف منسٹر تمل ناڈو ایم کے اسٹالن کے فرزند و ایم ایل اے اُدئیا نِدھی سے علحدہ بات چیت کی۔

امکان ہے کہ دونوں چیف منسٹرس تفصیلی ملاقات کے بعد باقاعدہ میڈیا سے بات کریں گے۔