ہیتی میں گیس ٹینکر دھماکہ، 50 سے زائد افراد ہلاک،درجنوں جھلس گئے
20 مکانات میں بھی آگ لگ گئی،مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا امکان!
ہیتی:14۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
لاطینی امریکہ کے ملک ہیتی Haiti# میں گیس ٹینکر کے خطرناک دھماکہ میں 50 سے زائد شہری جھلس کر ہلاک ہوگئے جبکہ اس دھماکہ میں کئی افرادبھی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
آج منگل کے دن ہیتی کے شمالی ساحل کے بندرگاہی شہر "کیپ ہیٹین Cap-Haïtien#” میں یہ دھماکہ ہوا ہے،بین الاقوامی میڈیا اطلاعات کے مطابق اس واقعہ کی مقامی ڈپٹی مئیر پیاٹرک آلمونور نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائے مقام پر انہوں نے 50 تا 60 جھلسی ہوئی نعشیں دیکھی ہیں۔
ساتھ ہی ڈپٹی مئیر کیپ ہیٹین Cap-Haïtien# پیاٹرک آلمونور نے کہا کہ اس دھماکہ سے زائد از دو درجن مکانات بھی نذر آتش ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا اس دھماکہ کے مہلوکین کی اصل تعداد کے متعلق ابھی کچھ بتایا نہیں جاسکتا کیونکہ اس دھماکہ کے مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
وہیں مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ جائے مقام پر زندہ جھلس کر ہلاک ہونے والوں کے ساتھ ساتھ مکانات میں لگنے والی آگ سے بھی جھلس کر مرنے والوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
ہیتی کے شمالی ساحل کے بندرگاہی شہر کیپ ہیٹین Cap-Haïtien# میں ہوئے اس گیس ٹینکر دھماکہ میں بڑی تعداد میں ہونے والی ہلاکتوں پر صدر ہیتی ایرئیل ہینری نے شدید غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اس سلسلہ میں مزید تفصیلات درکار ہیں اور اس گیس ٹینکر میں ہونے والے دھماکہ کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے کہ انسانی غلطی کے بعد یہ دھماکہ ہوا ہے یا پھر یہ کوئی دہشت گردانہ حملہ ہے یا پھر گیس پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے آپسی لڑائی کا نتیجہ ہے؟ کیونکہ لاطینی امریکہ کے ملک ہیتی Haiti# میں گیس لائن پر مافیا کا قبضہ اور گیس کے سرقہ کے واقعات عام ہیں۔

