تلنگانہ میں ” اومی کرون ” کی دستک!
برطانیہ سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچیں ایک خاتون مسافر میں اومی کرون کی علامات
تلنگانہ میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ: ہیلتھ ڈائرکٹرسرینواس راؤ کا انکشاف
حیدرآباد: 02۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
جنوبی آفریقہ میں دوماہ قبل دریافت کی گئی کورونا وائرس کی دوسری شکل اومی کرون نے آج ریاست تلنگانہ میں دستک دی ہے!
تلنگانہ کے ہیلتھ ڈائرکٹر ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے آج انکشاف کیا ہے کہ برطانیہ سے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچیں ایک خاتون مسافر میں اومی کرون کی علامات پائی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس خاتون مسافر سے نمونے حاصل کرکے معائنہ کے لیے روانہ کیے گئے ہیں۔

تلنگانہ کے ہیلتھ ڈائرکٹر ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے انکشاف کیا کہ مختلف ممالک سے اب تک 325 مسافرین حیدرآباد ایرپورٹ پہنچے ہیں ان تمام کے معائنہ کے بعد اس ایک خاتون میں اومی کرون کی مثبت علامات پائی گئی ہیں۔تاہم مکمل جانچ رپورٹ کے بعد ہی اس کی مکمل طور پر تصدیق کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس خاتون مسافر کو ٹمس ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔تلنگانہ کے ہیلتھ ڈائرکٹر ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے بتایا کہ جن بقیہ مسافرین کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے ایک ہفتہ بعد ان کی دوبارہ تشخیص کی جائے گی۔
انہوں نے جن بتایا کہ جو 325 مسافرین مختلف ممالک سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچے ہیں ان میں سے 239 مسافرین کا تعلق تلنگانہ سے ہے اور 72 مسافرین آندھراپردیش سے تعلق رکھتے ہیں۔
ہیلتھ ڈائرکٹر تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے بتایا کہ ماہ ڈسمبر کے آخر تک ریاست میں کوویڈ ویکسین دئیے جانے کے عمل کو صد فیصد مکمل کرلینے کی کابینہ کی سب کمیٹی نے ہدایت دی ہے۔
” ہیلتھ ڈائرکٹر ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ میڈیا سے بات کرتے ہوئے "
انہوں نے ساتھ ہی یہ انکشاف بھی کیا کہ ریاست تلنگانہ میں گزشتہ چار دنوں کے دؤران کورونا کیسیس میں اضافہ ہوا ہے۔
تلنگانہ کے ہیلتھ ڈائرکٹر ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے بتایا کہ 25 ممالک میں کورونا اومی کرون 215 اومی کرون کے کیس درج ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاست کو ہدایت جاری کی ہے کہ اومی کرون کے متعلق تمام احتیاطی اقدامات کیے جائیں۔
تلنگانہ کے ہیلتھ ڈائرکٹر ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے کہا کہ آفریقی ممالک میں ذمہ داری کے ساتھ کوویڈ ویکسین نہ لینے کے باعث ہی یہ نیا اومی کرون وائرئنٹ پیدا ہوا ہے۔
ہیلتھ ڈائرکٹر تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں 90 فیصد افراد کو کوویڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ دیا گیا ہے جبکہ 47 فیصد افراد کو کوویڈ ویکسین کے دونوں ٹیکے دئیے جاچکے ہیں۔انہوں نے اس عام کا اظہار کیا کہ جاریہ ماہ ڈسمبر کے اواخر تک ریاست میں کوویڈ ویکسین کے صد فیصد نشانہ کو مکمل کرلیا جائے گا۔
ڈاکٹر جی سرینواس راؤ ہیلتھ ڈائرکٹر تلنگانہ نے ریاست کے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کوویڈ قواعد پر سختی کے عمل کو لازمی بنائیں۔ساتھ ہی انہوں نے متنبہ کیا کہ ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
انہوں نے انتباہ دیا کہ کام کے مقامات پر،عوامی مقامات پر لازمی طور پر ماسک پہنا جائے ورنہ جرمانے عائد کیے جائیں گے۔(اس سلسلہ میں ماضی میں حکومت ایک جی او نمبر 68 بھی جاری کرچکی ہے جس میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا)۔

ساتھ ہی ڈاکٹر جی سرینواس راؤ ہیلتھ ڈائرکٹر تلنگانہ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ جہاں کہیں جائیں اپنے ساتھ ویکسین سرٹیفکیٹ لازمی طور پر لے جائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ صلاح دی جائے گی کہ اپنے مکانات سے باہر نکلنے والوں کے ساتھ ویکسین سرٹیفکیٹ رکھنا لازمی قرار دیا جائے۔
اب ریاست کے عوام کے لیے بھی لازمی ہے کہ وہ حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔عوامی مقامات اور ہجوم سے دور رہیں،ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال خود پر لازم کرلیں،انسانی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں کیونکہ احتیاط علاج سے بہتر مانا جاتا ہے اور اس معاملہ میں ہرگز کوتاہی یا تساہلی کا مظاہرہ نہ کریں۔

