شادی سے قبل دُلہن شادی کے لباس میں امتحان میں شرکت کے لیے پہنچ گئی

شادی سے قبل دُلہن شادی کے لباس میں امتحان میں شرکت کے لیے پہنچ گئی

راجکوٹ: 24۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

      زیادہ تر لڑکیوں کی تعلیم شادی کی غرض سے درمیان میں ہی ترک کروائی جاتی ہے ماں باپ کی خواہش پر اکثر لڑکیاں اپنی تعلیم کا سلسلہ ترک کرکے شادی کے بندھن میں بندھ جاتی ہیں۔اگر سسرالی رشتہ دار تعلیم کی اہمیت سے واقف ہوں تو کئی ایسی لڑکیاں بھی ہیں جو شادی کے بعد بھی اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھتی ہیں یا پھر سالانہ امتحانات میں شرکت کرتی ہیں۔اگرتعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جاتی تو بھی اس فیصلہ کو قبول کرلیتی ہیں۔

         لیکن گجرات کے راجکوٹ میں آج ایک طالبہ اپنی شادی کے مہورت سے عین قبل امتحان میں شرکت کی غرض سے دلہن کے لباس میں اپنے ہونے والے دُلہے اور افراد خاندان کے ساتھ امتحانی مرکز پہنچ کراطمینان کے ساتھ امتحان میں شرکت کرتے ہوئے اس مرکز میں امتحان میں شرکت کرنے والے ساتھی طلبہ اور امتحانی مرکز کے ذمہ داران کو چونکا دیا۔

امتحانی مرکز میں پرچہ سوالات حل کرتی ہوئی اس دلہن کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

         انسٹا گرام پرممبئی کے مشہور فیشن فوٹو گرافر وائرل بھیانی کے مصدقہ اکاؤنٹ سے اس ویڈیو کو پوسٹ کیا گیا ہے۔جسے ایک ہی دن میں انسٹاگرام کے 5,39,619 صارفین نے دیکھا ہے اور سینکڑوں صارفین نے اپنے کمنٹس کے ذریعہ اس طالبہ کی ستائش کی ہے کہ اس نے شادی سے قبل امتحان میں شرکت کو ترجیح دی۔

 

    وائرل بھیانی کے مطابق ریاست گجرات میں 21 روزہ دیوالی کی تعطیلات کے بعد کل 23 نومبر سے تعلیمی اداروں میں تعلیم کا آغاز ہوا۔اسی دؤران راجکوٹ میں سوراشٹریہ یونیورسٹی میں35مختلف امتحانات کا آغاز ہوا جس کے تحت اس یونیورسٹی کے 130 امتحانی مراکز میں 53,959 طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی۔

     اسی دؤران شیوانگی بھگاتاریا نامی طالبہ جس کی شادی کل ہی مقرر تھی دلہن کے لباس میں ملبوس طالبہ اپنے ہونے والے دُلہے اور افراد خاندان کے ساتھ امتحانی مرکز پہنچ کر امتحان میں شرکت کی۔شیوانگی امتحان کے اختتام کے بعدسیدھے فنکشن ہال پہنچ کر شادی کے سات پھیروں میں بندھ گئیں۔