اینٹی کرپشن بیوروکے دھاوہ کے بعدسڑک پر بھاگنے والےسب انسپکٹر پولیس کو ایک کلومیٹر تعاقب کرکے پکڑلیا گیا

اینٹی کرپشن بیوروکے دھاوہ کے بعد
سڑک پر بھاگنے والےسب انسپکٹر پولیس کو ایک کلومیٹر تعاقب کرکے پکڑلیا گیا

بنگلورو: 05۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

چوروں اور مجرموں کو پکڑنے کے لیے ان کے پیچھے پولیس کو دؤڑتے ہوئے سب نے حقیقی زندگی اور فلموں کے پردے پر تو دیکھا ہوگا لیکن کرناٹک میں عوام سڑک پر بھاگنے والے ایک سب انسپکٹر پولیس کو پکڑنے کی کوشش میں اس کے پیچھے دؤڑ لگاتے ہوئے اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم کو دیکھ کر حیرت زدہ ہوگئے۔

اوراس عجیب و غریب واقعہ پرمشتمل ویڈیو کو سوشل میڈیا پر دیکھ کر ناظرین جہاں حیرت زدہ ہوگئے وہیں مختلف کمنٹس کے ذریعہ دوسروں کو محظوظ کرنے لگے ہیں۔

دراصل اس سب انسپکٹر پولیس پر الزام ہے کہ وہ بطور رشوت رقم طلب اور قبول کرتے ہوئے اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) کے دھاوے میں دبوچ لیے گئے تھے جس کے بعد وہ وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔سب انسپکٹر پولیس سوم شیکھر کو جو کہ جزوی طور پر اپنی وردی میں تھے بالآخر تقریباً ایک کلومیٹر کا پیچھا کرنے کے بعد عوام کی مدد سے پکڑ لیا گیا۔

کرناٹک کے ٹمکور ضلع سے 30 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود گبن پولیس اسٹیشن میں بحیثیت سب انسپکٹر پولیس خدمات انجام دے رہے سوم شیکھر کا یہ واقعہ ہے۔

جس کی تفصیلات کے مطابق سی ایس پورہ اسٹیشن میں چند دن قبل ایک خاندانی تنازعہ کی شکایت پر ایک کیس درج رجسٹر کیا گیا تھا جس کے بعد وہاں کی پولیس نے چندرنا نام کے ایک شخص کی گاڑی ضبط کی تھی۔

سب انسپکٹر پولیس سوم شیکھر نے مبینہ طور پر کانسٹیبل نیاز احمد کو اس شخص کی گاڑی حوالے کرنے کے لیے 28 ہزار روپئے کی رشوت لینے کا حکم دیا تھا۔

جس کے بعد چندرنا نے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع ہوتے ہوئے اس کی شکایت درج کروائی تو اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے اپنا جال بچھا دیا۔چہارشنبہ کو گاڑی کے مالک چندرنا کانسٹیبل نیاز احمد کو 12 ہزار روپئے رشوت کی رقم حوالے کررہے تھے کہ سب انسپکٹر اینٹی کرپشن بیورو وجئےلکشمی اور ان کی ٹیم نے انہیں رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔

جس پر کانسٹیبل نے اعتراف کیا کہ سب انسپکٹر سوم شیکھر نے انہیں رشوت لینے کی ہدایات دی تھیں۔

اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم جب کانسٹیبل نیاز احند کو اپنی تحویل میں لے کر پولیس اسٹیشن پہنچی تو سب انسپکٹر پولیس سوم شیکھر نے اس معاملہ کو بھانپ لیا اور انہوں نے فوری طور پر اپنی وردی کا شرٹ اتار کر پھینک دیا اور اپنے دفتر سے باہر بھاگ گئے۔

جس کے بعد اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے پیدل ان کا پیچھا کرنا شروع کر دیا اور زائد از ایک کلومیٹر بھاگنے کے بعد سڑک پر موجود عوام کی مدد سے سب انسپکٹر پولیس سوم شیکھر کو پکڑلیا گیا۔بعد ازاں سب انسپکٹر سوم شیکھر اور کانسٹیبل نیاز احمد کو باقاعدہ گرفتار کرتے ہوئے ان دونوں کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں روانہ دیا گیا۔