جب حضورآباد اسمبلی حلقہ کے شکست خوردہ ٹی آر ایس امیدوار روپڑے،سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

جب حضورآباد اسمبلی حلقہ کے شکست خوردہ ٹی آرایس امیدوار رو پڑے
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

حیدرآباد: 02۔نومبر(سحرنیوز ڈاٹ کام)

سیاست ہو یا کھیل کا میدان دونوں کاایک اُصول ہے کہ اس میں کسی ایک کی جیت اور ایک کی شکست طئے ہوتی ہے۔لیکن حساس اور نرم دل کے حامل زیادہ تر افراد اپنی ایک شکست کوہی اختتام سمجھ کر روپڑتے ہیں۔

جبکہ سیاست کا میدان ایک ڈھیٹ میدان مانا جاتا ہے!! جس میں زیادہ تر عوام کو رُلانا عام بات ہے۔چاہے وہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے ذریعہ ہو یا پٹرول، ڈیزل، پکوان گیس کی قیمتوں میں بے لگام اضافہ کے ذریعہ ہی ہو!! رونا عوام کا مقدرہوتا ہے!!

بعض ایسے ڈھیٹ سیاستداں بھی موجود ہیں جو عوام کی ہمدردی حاصل کرنے اور ان کے جذبات سے کھلواڑ کرتے ہوئے جب کبھی مصیبت میں ہوتے ہیں رونے کا ڈھونگ بھی کردیتے ہیں!!

اس سے بھولی بھالی عوام ایسوں کے جھانسے آجاتی ہے جس کے بعد یہ سیاستداں کچھ بھی کرنے کے لیے آزاد ہوتے ہیں ان سے کوئی سوال بھی نہیں کرتا۔!!

خیر سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر آج ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں حضورآباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں ٹی آرایس پارٹی کی جانب سے مقابلہ کرنے والے نوجوان گیلو سرینواس کا ہے۔

جس میں وہ اپنی شکست پر پارٹی قائدین، دوستوں اور کارکنوں کے سامنے دہاڑیں مارمارکر رورہے ہیں۔

ٹوئٹر پر آج سومیت یاکٹی Sowmith Yakkati@کے مصدقہ ہینڈل سے دوپہر 2 بجے اس(ری مکس) ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ”حضور آباد،ووٹوں کی گنتی کا نواں راؤنڈ،5,111 ووٹوں سے بی جے پی کی سبقت!! جبکہ شام تک جملہ 22 راؤنڈ میں ووٹوں کی گنتی عمل میں لائی گئی ہے۔(تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوپائی ہے کہ صرف 9 راؤنڈس کے ووٹوں کی گنتی کے بعد یہ آج کا ویڈیو ہے یا پھر قدیم ویڈیو ہے؟)

یاد رہے کہ ضلع کریم نگر کے حلقہ اسمبلی حلقہ حضورآباد میں سابق وزیر صحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر کو چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ کی جانب سے وزارت سے ہٹائے جانے کے بعد ایٹالہ راجندر ماہ مئی میں ٹی آرایس پارٹی کی ابتدائی رکنیت اور حلقہ اسمبلی حضورآباد کی نشست سے مستعفی ہوگئے تھے۔

بعدازاں جون میں انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔حضورآباد اسمبلی حلقہ کے لیے ضمنی انتخابات کی رائے دہی 30 اکتوبر کو ہوئی تھی اور آج ان ووٹوں کی گنتی عمل میں لائی گئی۔جس میں

ایٹالا راجندرنے جملہ 1,06,780 ووٹ حاصل کیے۔

ٹی آرایس امیدوار گیلو سرینواس کو 82,712 ووٹ حاصل ہوئے۔

اور کانگریس کے امیدوار صرف 3,012 ووٹوں تک سمٹ کر رہ گئے۔

اس طرح ایٹالہ راجندر نے 24,068 ووٹوں کی اکثریت سے پانچویں مرتبہ حضورآباد حلقہ اسمبلی سے اپنی جیت درج کروائی۔