قوم کے نوجوانوں کوتعلیم یافتہ بنانااور منشیات و دیگر غلط عادتوں سے دُور رکھنا وقت کی اہم ضرورت
ایس پی وقارآباد ضلع ایم۔نارائنا کا جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کے وفد سے ملاقات کے دؤران اظہارِخیال
وقارآباد: 02۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآباد ضلع مسٹر ایم۔نارائنا نے کہا ہے کہ قوم کے نوجوانوں کوتعلیم یافتہ بنانا اور انہیں منشیات کی لعنت و غلط صحبت سے دور رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
جوائنٹ سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد عبدالرحمن اطہر قاسمی نے اس بات کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے وفد سے ملاقات کے موقع پر ضلع ایس پی مسٹر ایم۔نارائنا نے ان خیالات کا اظہار کیا ہے۔
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے زیر اہتمام 17 نومبر، بروز چہارشنبہ،نیشنل گارڈن،حیدرآباد روڈ تانڈور میں”سیرت محسن انسانیتﷺ و قومی یکجہتی کانفرنس” منعقد ہونے جارہی ہے جس میں ملک کے مؤقر علماء کرام کے علاوہ تمام مذاہب کے رہنماء شرکت کریں گے۔
اسی ضمن میں کل جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے تین رکنی وفد نے مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی قیادت میں سپریٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔نارائنا اور ایڈیشنل ایس پی ڈاکٹر ایم اے رشید سے ملاقات کی۔

اس ملاقات کے دوران ضلع ایس پی مسٹر ایم۔نارائنا نے جمعیۃ کے وفد سے بالخصوص نوجوانوں کی تعلیمی و اخلاقی حالات پر اپنی گہری فکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر سماج کے مذہبی رہنماؤں اور دانشور افراد کی اہم ترین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے نوجوانوں کو اعلٰی تعلیم دلانے،ان کی اچھی تربیت کرنے اور ایک ذمہ دار شہری بنانے کی بھرپور کوشش کریں۔
اپنا پیٹ کاٹ کر اور اپنے خواہشات کا خون کرکے اپنی اولاد کو تعلیم یافتہ اور قابل بنانے کی کوشش کریں تب ہی ہم بحیثیت قوم ترقی کرسکتے ہیں۔
ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔نارائنا نے نوجوان نسل کی بے راہ روی اور بے مقصد زندگی پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج نوجوان تعلیم اور تربیت کے فقدان کے سبب شراب، جوا، ڈرگس، چوری اور ڈاکہ جیسی بے شمار تباہ کن برائیوں میں مبتلا ہورہے ہیں جو پورے سماج کے لیے ایک ناسور ہے۔
ایڈیشنل ایس پی ضلع وقارآباد ڈاکٹر ایم اے رشید نے بھی جمعیۃ علماءکے وفد سے تفصیلی بات چیت کے دوران تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بالخصوص مسلم طلباء میں ترکِ تعلیم اور بے کاری کا رجحان تشویشناک حد تک بڑھتا جارہا ہے۔معمولی معمولی بہانوں سے تعلیم ترک کردینا اور گھر کے ایک فرد کی کمائی پر پورے گھر کا موقف رہنا ایک رواج بن گیا ہے۔
جبکہ موجودہ حالات میں ہر فرد کو اپنی اپنی صلاحیت کے مطابق محنت کرنے اور اپنے تعلیمی وسماجی معیار کو بلند کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر سپریٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔نارائنا اور ایڈیشنل ایس پی ڈاکٹر ایم اے رشید کو جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے وفد کی جانب سے تانڈور میں منعقد کیے جارہے”سیرت محسن انسانیتﷺ و قومی یکجہتی کانفرنس” میں شرکت کی دعوت دی گئی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے تیقن دیا کہ وہ اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
ضلع ایس پی اور ایڈیشنل ایس پی سے ملاقات کرنے والے اس وفد میں مولانا عبدالرحمن اطہر قاسمی اور حافظ عبدالسلام شامل ہیں۔

