تمام کا شکریہ،ٹی آر ایس پارٹی نے 20 سال کے دوران کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں
کارگزارصدر ٹی آرایس پارٹی و ریاستی وزیر کے ٹی آر کا ٹوئٹ
حیدرآباد :02۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
اسمبلی حلقہ حضورآباد کے لیے منعقدہ ضمنی انتخابات میں آج بی جے پی امیدوار و سابق وزیرصحت تلنگانہ ایٹالہ راجندر کی اپنے ٹی آر ایس پارٹی کے حریف امیدوار گیلو سرینواس کے مقابلہ 23,865 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی کے بعد تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس)پارٹی کے کاگزار صدر و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے۔تارک راماراؤ (کے ٹی آر) نے حضور آباد کے رائے دہندوں سمیت تمام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی آر ایس پارٹی نے اپنے قیام کے بعد سے 20 سال کے دؤران کئی سیاسی نشیب و فراز دیکھے ہیں۔
ٹی آر ایس پارٹی کے کاگزار صدر و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے۔تارک راماراؤ نے اس سلسلہ میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سیاست میں کامیابی اور شکست عام بات ہے اور یہ ایک انتخابی نتیجہ زیادہ اہمیت یا کسی خاص نتیجہ کا حامل نہیں ہوگا۔کارگزار صدر ٹی آرایس و ریاستی وزیر کے ٹی آر کا اشارہ آج آنے والے حضورآباد ضمنی انتخابات کے نتیجہ کی جانب ہے جس میں بی جے پی امیدوار ایٹالہ راجندر نے کامیابی حاصل کی ہے۔
یاد رہے کہ کارگزار صدر ٹی آر ایس و ریاستی وزیر کے ٹی آر گزشتہ ایک ہفتہ سے فرانس کے دؤرہ پر ہیں اور انہوں نے وہیں سے یہ ٹوئٹ کیے ہیں۔

کے ٹی آر نے اس ضمنی انتخابات کے دؤران پارٹی کے لیے انتخابی مہم چلانے والے تمام ریاستی وزراء بالخصوص ٹی۔ہریش راؤ،کوپولا ایشور، پارٹی کے ارکان اسمبلی، پارٹی قائدین اور کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
ساتھ ہی کارگزار صدر ٹی آر ایس و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پارٹی کی مزیدمضبوطی کے لیے خود کو وقف کردیں۔
کے ٹی آر نے اپنے دو ٹوئٹس میں لکھا ہے کہ سوشل میڈیا کے جنگجوؤں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے مہم میں انتھک کام کیا۔

