تلنگانہ کے کاغذنگر میں شیر کی کھال اور دیگر اشیاضبط،دس گرفتار

تلنگانہ کے کاغذنگر میں شیر کی کھال اور دیگر اشیاضبط، دس گرفتار

کومرم بھیم آصف آباد: 01۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کے کومرم بھیم آصف آباد ضلع کے کاغذ نگر میں محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے شکار کیے گئے شیر کا چمڑا سمیت اس کے دیگر جسمانی اعضا ضبط کرتے ہوئے اس چمڑے کی منتقلی میں مصروف گروہ کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر عادل آباد ضلع راج شیکھر کے مطابق ضلع عادل آباد کے اندراویلی منڈل کے تحت موجود موضع وال کونڈا کے ساکن چند افراد نے گزشتہ سال ڈسمبر میں شیر کا شکار کیا تھا اور اس وقت سے اس شیر کے چمڑے کو چھپاکر رکھا گیا تھا۔

اس چمڑے کو فروخت کرنے کی غرض سے کل کاغذ نگر منتقل کیا جارہا تھا کہ مصدقہ اطلاع کے بعد محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے  انہیں پکڑلیا اور ان کے قبضہ سے شیر کا چمڑا ضبط کرلیا۔

بعدازاں مکندراؤ نامی شخص کے مکان سے شکار کیے گئے شیر کا نچلا جبڑا، ناخن اور دیگر اشیاء بھی ضبط کرلی گئیں۔

ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر عادل آباد ضلع راج شیکھر کے مطابق اس سلسلہ میں دیپک،لکشمن،پیندور دیواراؤ، میسرم منکو،چندرا کانت،مکندراؤ اور ایشور کے علاوہ دیگر کوتحویل میں لے لیا گیا ہے۔اور شیر کے شکار میں استعمال شدہ ہتھیار بھی ضبط کرلیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ ان تمام افراد کا تعلق اندراویلی سے ہے جہاں کل انہیں گرفتار کرنے پہنچی محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کی ٹیم کوموضع کے عوام اور آدیواسیوں کی شدید مخالفت اور احتجاج کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شیر کا چمڑا ضبط کرتے ہوئے ان تمام کو تحویل میں لیے جانے کے دؤران کل دیہاتیوں کی جانب سے جم کر ہنگامہ آرائی کی گئی تھی اور راستہ روکو احتجاج بھی منظم کیا گیا تھا۔

دوسری جانب عادل آبادضلع ، کاغذ نگرکے جنگلات شیروں کی آماجگاہ کی حیثیت سے مشہور ہیں۔اطلاعات ہیں کہ ان علاقوں میں شکاری اور اسمگلرس سرگرم ہیں اور ان جنگلات میں مختلف جانوروں کے شکار کے بعد ان جانوروں کے چمڑے،ناخن اور دیگر اجزا بیرون ممالک اسمگلنگ کرنے والی گینگ کو فراہم کررہے ہیں!

میڈیا میں ایسی اطلاعات بھی زیر گشت ہیں کہ شیروں کے شکار کی اطلاعات کے بعد جاریہ تحقیقات کے دؤران عہدیداروں پر انکشاف ہوا ہے کہ ان جنگلات میں دو شیروں کا شکار کیا گیا ہے۔!! جن میں شکار کیے گئے ایک شیر کا چمڑا پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کو منتقل کیا گیا ہے! اب ان دس افراد کی گرفتاری بعد ہی تمام معاملات کا انکشاف ممکن ہے۔