شخصی مسابقت اور اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ترقی کے ایجنڈہ پر سب مل کر کام کریں
تانڈور میں 26.50 کروڑ مالیتی ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد،وزیرتعلیم سبیتااندراریڈی کاخطاب
ایم ایل سی مہندرریڈی،ایم ایل اے روہت ریڈی،ضلع کلکٹر نکھیلا،صدر نشین بلدیہ اور دیگر کی شرکت
وقارآباد/تانڈور: 30۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا ہے کہ تمام پارٹی قائدین اور عوامی نمائندوں کے لئے لازمی ہے کہ وہ شخصی مسابقت اور آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ترقی کے ایجنڈہ پر مل کر کام کریں۔
وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے وقارآباد ضلع کے تانڈور میں لاری پارکنگ علاقہ میں تین کروڑ 47 لاکھ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ بلدیہ تانڈور کی جدید عمارت کاا فتتاح انجام دیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ چند سال سے بلدیہ تانڈور میں ترقی کے معاملہ میں ایک قدم آگے تو چار قدم پیچھے والی سیاست جاری ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ سیاست کو صرف انتخابات کے مواقع پر ہی ترجیح دینا چاہئے اور بعد میں ترقی کوترجیح دیتے ہوئے سب کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہئے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ یہی مشورہ چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ ہمیشہ سب کو دیتے ہیں۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تانڈور کی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے۔وزیرتعلیم نے کہا کہ پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوکر تمام ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تعاون کرتے ہوئے شہر کی ترقی کو ترجیح دیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں اور فنڈس کے حصول کے لیے جدوجہد کریں۔
انہوں نے تیقن دیا کہ فنڈس کے لیے ان سے رجوع ہوں تو وہ حکومت سے موثر نمائندگی کریں گی۔وزیرتعلیم نے مشورہ دیا کہ آئندہ دو سال کے دوران تانڈور کی ترقی کے لیے بلدیہ میں بہترین نظم و نسق کے ساتھ سب مل کر کام کریں۔
وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تانڈور میں موجود فضائی آلودگی کے خاتمہ کے لیے تمام عوامی نمائندے سنجیدگی کے ساتھ غور کریں۔انہوں نے کہا کہ پوری ریاست میں سب سے زیادہ فضائی آلودگی تانڈور میں ہی پائی جاتی ہے۔
وزیرتعلیم نے کہا کہ ریاستی حکومت گرین بجٹ کے تحت خصوصی فنڈس جاری کررہی ہے اور تانڈور میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کے ذریعہ فضائی آلودگی کو ختم کیا جاسکتا ہے اور اس سے عوامی نمائندوں اور تانڈور کو ہی شہرت بھی حاصل ہوگی۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ وہ تانڈور کی بے مثال ترقی کو یقینی بنائیں گے۔ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی نے یاد دلایا کہ ان کی وزارت کے دؤران تانڈور کے لیے بڑی تعداد میں فنڈس منظور کئے گئے تھے۔رکن قانون ساز کونسل اور رکن اسمبلی نے تیقن دیا کہ آنے والے دو سالوں کے دوران تانڈور کی تمام محاذوں پر ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے۔

قبل ازیں وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے آج حلقہ اسمبلی تانڈور میں 26 کروڑ 50 لاکھ روپئے مالیتی تکمیل شدہ کاموں کا افتتاح اور ترقیاتی کاموں کے لیے سنگ بنیاد رکھا۔
وزیرتعلیم نے رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی،رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اور کلکٹر ضلع وقارآباد کے۔نکھیلا کےساتھ پدیمول منڈل میں 50 لاکھ روپئے کے صرفہ سے اسکولی عمارت میں مزید کلاس رومس کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھا۔
بعدازاں وزیرتعلیم نے تانڈور کے حیدرآباد روڈ پر دو کروڑ 25 لاکھ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کردہ گورنمنٹ ڈگری کالج کی عمارت اور 20 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ 100 بستروں کے حامل مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال کا افتتاح انجام دیا۔
انہوں نے 20 لاکھ روپئے کے صرفہ سے شاہی پور میں آنگن واڑی عمارت کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد بھی رکھا۔
بعدازاں ہنومان فنکشن ہال میں منعقدہ تقریب میں وزیرتعلیم پی۔سبیتااندرا ریڈی کے ہاتھوں شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیم کے ایک کروڑ 65 لاکھ روپئے مالیتی چیکس 165 منتخب درخواست گزاروں میں تقسیم کیے گئے۔اس تقریب میں رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیرتعلیم نے کہا کہ یہ دونوں اسکیمات جہاں غریب طبقات کے لئے ایک نعمت ہے وہیں پورے ملک کے لیے ایک مثال بھی ہیں۔

تانڈور میں منعقدہ تقاریب میں ضلع کلکٹر نکھیلا،رکن اسمبلی چیوڑلہ کالے یادیا،صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،نائب صدرنشین بلدیہ دیپا نرسملو،صدرنشین ضلع لائبرریز مرلی کرشناگوڑ،صدرنشین زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،نائب صدر وینکٹ ریڈی،صدر ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو،سابق صدورنشین بلدیہ وشواناتھ گوڑ، پی۔لکشماریڈی، کوٹریکاوجئےلکشمی، ایم پی پیز انیتا رویندر گوڑ،بالیشور گپتا،
ٹی آرایس فلورلیڈر بلدیہ شوبھارانی،ارکان بلدیہ عبدالرزاق،محمدمختارناز،سلمیٰ فاطمہ،معراج بیگم،پی۔نیرجا بال ریڈی،وجیہ دیوی،مجلسی فلور لیڈر بلدیہ سید ساجدعلی، ارکان بلدیہ پی اے بومبینا،آفرین جویریہ، ایرم وسنتا،بویا روی،منکالا راگھویندر،پروین گوڑ،بنٹارم لاونیہ،ساہوشری لتا،انتارام للیتا،بالپا، آرڈی او و انچارج کمشنر بلدیہ اشوک کمار، کے علاوہ ٹی آرایس پارٹی قائدین پٹلولا نرسملو،رنگاراؤ،سرینواس چاری،ڈاکٹر سمپت کمار کے علاوہ دیگر ٹی آرایس پارٹی قائدین اور بلدی عہدیدار شریک تھے۔

