نانی نے داماد کو دیا گیا قرض اپنے ہی 9 دن کے نواسے کو بیچ کر وصول کرلیا
تانڈور۔14۔فروری (سحرنیوزڈاٹ کام)
آج زیادہ تر انسانوں کے لیے پیسہ ہی سب کچھ بن کر رہ گیا ہے پیسوں کے آگے تمام خونی رشتے ماند پڑنے لگ گئے ہیں جائز یا ناجائز کسی بھی طریقہ سے دؤلت کے حصول کی لت اب عام ہونے لگی ہے ۔
ایسے میں ضلع وقارآباد میں تاخیر سے آج ایک ایسا انسانیت اور خونی رشتوں کو شرمسار کرنے والا واقعہ منظر عام پر آیا ہے جسے پڑھ کر یقین ہی نہ ہوگا کہ ایک عورت محض اپنے داماد کو دئیے گئے قرض کی وصولی کے لیے اپنےہی 9 دن کے نومولود نواسے کو فروخت کرکے اپنے قرض کی رقم وصول کرلیتی ہے !

حلقہ اسمبلی تانڈور کے پدیمول منڈل کے تحت موجود بدھارم موضع میں پیش آئے اس انسانیت کو شرمسار اور خونی رشتوں کو رسوا کرنے والے والے واقعہ سے متعلق دستیاب اطلاعات کے بموجب موتیم بھیمماں اورراملو نامی جوڑے کوایک چار سالہ لڑکا ہے بھیمماں کو دوسری زچگی میں ایک اور لڑکا پیدا ہوا ۔دوسری جانب راملو نے اپنی ساس لکشمی کے پاس سے بطور قرض 40 ہزار روپئے حاصل کیے تھے جو وہ ادا نہیں کرپارہا تھا جس پرنومولود کی ماں بھیمما ں اور اس کی نانی لکشمی کے دماغ میں یہ شیطانی منصوبہ آیا کہ کیوں نہ اس نومولود لڑکے کو فروخت کرکے قرض کی رقم وصول کرلی جائے ؟

اسی مقصد سے ماں اور بیٹی نے قدیم تانڈور کے ساکن ایک شخص کو اپنا نومولود لڑکا صرف 70 ہزار روپئے کے عوض بیچ دیا اور رقم حاصل کرلی باوثوق ذرائع کے بموجب اس رقم میں سے نومولود کی نانی اور بھیمماں کی ماں نے اپنے داماد راملو کو دی گئی قرض کی رقم 40 ہزار روپئے لے لیے اور اسی رقم میں سے 20 ہزار روپئے خرچ کرتے ہوئے ایک خانگی ہسپتال میں ماں بھیمماں کی خاندانی منصوبہ بندی(فیملی پلاننگ) کا آپریشن کروادیا۔
اس سلسلہ میں پڑوسیوں اور دیگر رشتہ داروں کے ذریعہ یہ انسانیت سوز واقعہ موضع میں عام ہوگیا ہے اب اس معاملہ میں پدیمول پولیس تحقیقات میں مصروف ہے اور نومولود کی نانی لکشمی ،ماں بھیمماں اور باپ راملو سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ پولیس کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی تمام حقائق کے سامنے آنے کا امکان ہے !!

اس سلسلہ میں سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور رورل مسٹر جلندھر ریڈی نے آج دوپہر نمائندہ سحرنیوز ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے ان اطلاعات کی تصدیق کی اور کہا کہ اس معاملہ میں موضع بدھارم اور تانڈور میں وہ اور سب انسپکٹر پولیس پدیمول مصروف تحقیقات ہیں ۔