حیدرآباد میں تاجر کے مکان سے 40 لاکھ روپئے مالیتی ہیرے جواہرات کی چوری
حیدرآباد :18۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے ایل بی نگر علاقہ میں ہیرے جواہرات کے ایک تاجر کے مکان سے نامعلوم سارقوں نے 40 لاکھ روپئے مالیتی ہیرے جواہرات کی چوری کرلی ہے۔

ایل بی نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں موجود ناگول کے مدھورانگرکے ساکن مرلی کرشنا نے اس سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ چوری کی یہ واردات 15 جون کو انجام دی گئی ہے۔
حیدرآباد میں مرلی کرشنا کی تین ہیرے جواہرات کی دُکانات ہیں اور انہوں نے کاروبار کے سلسلہ میں 10 جون کو ممبئی سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپئے مالیتی ہیرے جواہرات خرید کر لائے تھے جس میں انہوں نے کچھ فروخت کیے اور کچھ اپنی دُکانات میں رکھنے کے بعد مدھورانگر کے اپنے کرایہ کے مکان میں ہیرے جواہرات رکھ کر باہر گئے تھے کہ نامعلوم سارقوں نے چوری کرلیا۔
اس سلسلہ میں ایل بی نگر پولیس ایک شکایت درج کرکے مصروف تحقیقات ہے اور مرلی کرشنا کی اطلاعات پر چند مشتبہ افراد کو تحویل میں لیکر پوچھ تاچھ میں مصروف ہے۔