وقارآباد ضلع میں بجلی گرنے سے 23 بکریاں ہلاک
وقارآبا:26۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے مختلف مقامات پر آج شام گرج چمک کے ساتھ ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کے دؤران دھارور منڈل کے مؤضع رام پور میں بجلی گرنے سے 23 بکریاں ہلاک ہوگئیں۔
بتایا جاتا ہے کہ بکریوں کا مالک بیکیا نائیک اپنی بکریوں کو جنگل میں چَرانے کے بعد واپس اپنے مکان لوٹ رہا تھا کہ اچانک ان بکریوں کے ریوڑ پر بجلی گرپڑی اور 23 بکریاں ہلاک ہوگئیں چند بکریاں محفوظ رہیں۔
اس واقعہ کی اطلاع کے بعد محکمہ مال دھارور کے عہدیداروں نے جائے مقام پر پہنچ کر مردہ بکریوں کا پنچنامہ انجام دیا۔اور اس واقعہ سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ اتنی بڑی تعداد میں اچانک بجلی گرنے سے بکریوں کی ہلاکت پر بکریوں کے مالک خاندان اور موضع رام پور میں افسوس کا اظہار کیا گیا اور خواتین اس منظر کو دیکھ کر رونے لگیں۔
اس واقعہ کے بعد بکریوں کے مالک بیکیا نائیک نے بتایا کہ بجلی گرنے سے ہلاک ہونے والی ان 23 کی قیمت دو لاکھ روپئے سے زائد تھی انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان بکریوں کی اچانک ہلاکت سے ان کا نقصان ہوا ہے اور انہیں سرکاری طور پر مالی امداد جاری کی جائے تاکہ وہ مزید بکریاں خرید کر دوبارہ اپنا روزگار قائم کرسکے۔