طالبان نے افغانستان میں 150 ہندوستانیوں سے پوچھ گچھ کے بعد رہا کردیا
تمام ہندوستانی ایرپورٹ واپس پہنچ گئے، ملک واپسی کی تیاریاں
نئی دہلی/کابل:21۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
افغانستان میں زائد از 150ہندوستانیوں سے پوچھ گچھ کے طالبان میں آزاد کردیا اب یہ تمام ہندوستانی شہری کابل ایرپورٹ کے اندر پہنچ گئے ہیں۔این ڈی ٹی وی نے حکام کے حوالے سے یہ بات بتائی ہے اور یہ تمام ہندوستانی حکومت ہند کی مدد سے جلد ہی کابل سے ہندوستان کے لیے پرواز کرنے والے ہیں۔اس کی اطلاع نیوز ایجنسی اے این آئی نے بھی اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ دی ہے۔
ہندوستان نے افغانستان سے اپنے سفارتی عملہ کو واپس طلب کرلیا تھا تاہم ایک ہزار سے زائد ہندوستانی اب بھی افغانستان کے مختلف شہروں میں موجود ہیں اور حکومت ہند ان کی شناخت کے انہیں واپس لانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
آج صبح ایسی اطلاعات آئی تھیں کہ طالبان نے 150 سے زائد افراد کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جن میں ہندوستانی بھی شامل ہیں تاہم اے این آئی نے زکی دریابی کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ طالبان کے ترجمان احمد اللہ واسخ نے ان اطلاعات کو مسترد کر دیا ہے!
اسی دؤران اطلاع آئی کہ طالبان نے ہندوستانی شہریوں کو اس وقت اپنی تحویل میں لے کر قریبی پولیس اسٹیشن منتقل کیا جب وہ کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے باہر قیام کیے ہوئے تھے اور ہندوستان واپس ہونے کے منتظر تھے۔
حکام کے بموجب طالبان نے ان ہندوستانی شہریوں سے پوچھ گچھ کی،ان کے سفری دستاویزات کا مشاہدہ کیا۔
افغانستان میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو لانے کی غرض سے ایک طیارہ تاجکستان میں لینڈ ہوچکا ہے اور دوسرے طیارہ کو ہندوستان میں تیار رکھا گیا ہے۔
ہندوستانی حکام کے ذرائع سے این ڈی ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ کابل ایرپورٹ پر موجود تمام ہندوستانیوں کی جلد وطن واپسی کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

