وقارآباد ضلع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری، ایک ہی دن میں ریکارڈ 1,338 ملی میٹر بارش، تمام ذخائر آب لبریز، نشیبی علاقے زیرآب

وقارآباد ضلع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری، ایک ہی دن میں ریکارڈ 1,338 ملی میٹر بارش
تمام ذخائر آب لبریز، زائد پانی کا اخراج جاری، کاگنا ندی میں سیلابی پانی کا بہاو، جیونگی پانی میں محصور
ضلع کلکٹر اور ایس پی کا دورہ، حالات کا جائزہ، کوٹ پلی پراجکٹ میں کشتی رانی بند،نشیبی علاقے زیرآب

حیدرآباد ۔ وقارآباد :
14۔ اگست( سحرنیوز ڈاٹ کام)

محکمہ موسمیات کی جانب سے وقارآبادضلع میں تین دنوں 13 اگست تا 15 اگست تک انتہائی شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کرتےہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا۔جس کے بعدضلع انتظامیہ نے احتیاطی طور پر  14 اگست اور15 اگست کو ضلع کے تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کو تعطیل دی ہے۔

گذشتہ ایک ہفتہ سے ضلع وقار آباد میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری تھا اب کل سے مزیدشدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔کل 13؍اگست کی صبح 8؍بجے سے آج 14 اگست کی صبح 8؍بجے تک ضلع میں ریکارڈ سطح پر 1,338.5؍ملی میٹر(13؍سینٹی میٹر) بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

حلقہ اسمبلی پرگی میں سب سے زیادہ یعنی 127 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔جبکہ دومامنڈل میں 118.5 ملی میٹر،منڈلات پوڈور اور کوٹ پلی میں بالترتیب 97.5 ملی میٹر، وقارآباد میں 79.7ملی میٹر، کوڑنگل میں 75.2 ملی میٹر، بشیرآباد منڈل میں 73.7 ملی میٹر، یالال منڈل میں 71.5 ملی میٹر،چوڑا پور اور دودیال منڈلات میں بالترتیب 68 ملی میٹر، تانڈور میں 65.4 ملی میٹر، نواب پیٹ منڈل میں 64.7 ملی میٹر، دھارور منڈل میں59.7 ملی میٹر، پدیمول منڈل میں 48.2 ملی میٹر، دولت آباد منڈل میں 44.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے اس کے علاوہ ضلع کے دیگرمنڈلات میں 40 ملی میٹر سے کم بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

شدید بارش کے باعث ضلع کے تمام ذخائر آب لبریز ہوگئے ہیں اور ان کے پشتوں سے بڑی مقدار میں زائد پانی کا اخراج جاری ہے۔کوٹ پلی اور کوکٹ موضع میں کاگنا ندی کا پانی پلوں کے اوپر سے بہہ رہا ہے جس کے باعث ٹریفک نظام مفلوج ہوگیا ہے۔وہیں تانڈور۔کوڑنگل روڈ پر موجود کاگنا ندی میں بڑی مقدار میں سیلابی پانی ٹھاٹھیں مار رہا ہے کاگنا ندی پر موجود قدیم بریج اس سیلابی پانی میں زیر آب آگیا ہے۔

بشیر آباد منڈل کے موضع جیونگی میں کاگنا ندی کا پانی داخل ہوگیا ہے یہاں رات میں کھڑی کی گئی ایک خانگی اسکول کی بس زیرآب آگئی سیلابی پانی میں بہہ جانے سےقبل اس بس کو ٹریکٹر کی مدد سے پانی سے باہر نکالا گیا اسی طرح جیونگی میں ہی کاگنا ندی میں بنائی گئی مندر مکمل زیرآب آگئی ہے۔

حلقہ اسمبلی تانڈور کے کئی مواضعات میں تالابوں، ندیوں اور نالوں کے لبریز ہوجانے اور ان سے زائد پانی کے اخراج سے مواضعات پانی میں محصور ہوگئے ہیں۔یالال منڈل میں موجود جنٹ پلی پراجکٹ بھی لبریز ہوگیا ہے اور اس کے پشتے سے پانی کااخراج جاری ہے۔ضلع وقارآباد میں شدید بارش کے باعث فصلیں بھی زیر آب آگئی ہیں وہیں ہلدی، کپاس اور مونگ کے علاوہ ترکاری کی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔

ضلع کلکٹرپرتیک جین نے آج ضلع ایس پی کے۔نارائن ریڈی آئی پی ایس، سب کلکٹر تانڈور اوما شنکر پرساد اور متعلقہ عہدیداروں کیساتھ کاگنا ندی کوکٹ کے علاوہ موضع اندور اور تانڈور کے مختلف مقامات کا جائزہ لیا۔اس مو قع پر ضلع کلکٹر پرتیک جین نے کہا کہ شدید بارش کے پیش نظر انتظامیہ چوکس ہے عوام کو بھی انہوں نے چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔

قبل ازیں ضلع کلکٹرنے کوٹ پلی کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ کوکٹ پلی پراجکٹ میں کشتی رانی بند کردی گئی ہے انہوں نے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ وہ شدید بارش کے دوران اننت گیری ہلز اور کوٹ پلی پراجکٹ کی سیاحت کی غرض سے نہ آئیں ان دونوں مقامات پر سیاحوں کی آمد پر پابندی لگادی گئی ہے۔ شدید بارش کے باعث تانڈور کے مختلف نشیبی علاقے اور سڑکیں زیرآب آگئی ہیں، عام زندگی بھی درہم برہم ہوگئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق کل 15 اگست کو بھی ضلع وقارآباد میں بارش کا امکان ہے وہیں محکمہ موسمیات نے آج یہ پیش قیاسی کی ہے کہ تلنگانہ میں مزید پانچ دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر گیانیشور نے آج شام میڈیا سے بات کرتے ہوئے حیدرآباد اور دیگر مقامات سے آنے والے سیاحوں کومشورہ دیا ہےکہ شدید بارش کےپیش نظر وہ تین دنوں تک ضلع کے سیاحتی مقامات اننت گیری ہلز اور کوٹ پلی پراجکٹ نہ آئیں جہاں سیاحوں کے داخلہ پر احتیاطی طور پر سختی کیساتھ پابندی عائد کی گئی ہے۔

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/1533444451147033

 

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/1099642441588540

یہ بھی پڑھیں 

وقارآباد ضلع کے لیے ریڈ الرٹ جاری، تین دن تک شدیدترین بارش کی پیش قیاسی،ضلع کلکٹر کا جائزہ اجلاس،ضلع کے تمام تعلیمی اداروں کو تعطیل