تانڈور کے "مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر ” میں آئی سی یو کی سہولت کیساتھ 100بیڈس کے حامل کوویڈکیئرسنٹر کا قیام

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

تانڈور کے "مدر اینڈ چائلڈ کیئرسنٹر ” میں آئی سی یو کی سہولت کیساتھ 100 بیڈس کےحامل کوویڈکیئرسنٹر  کا قیام

کلکٹرضلع وقارآباد نے کوویڈمرکز کے قیام کاجائزہ لیا،کوویڈمتاثرین کا بہتر علاج ہی حکومت اورضلع انتظامیہ کی اولین ترجیح

وقارآباد/تانڈور:(سحرنیوزڈاٹ کام)

ضلع کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے آج تانڈور میں حیدرآباد روڈ پر جدید تعمیر کردہ مدراینڈ چائلڈ کیئر سنٹر  کا مشاہدہ کیا جہاں آکسیجن کی سہولت کیساتھ 100 بیڈس کا حامل کوویڈ کیئرسنٹر،آئسولیشن وارڈس،انٹنسیو کیئر یونٹ (آئی سی یو) وارڈ کے قیام کی تیاریاں جارہی ہیں۔

اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ ضلع وقارآباد میں کوروناوائرس کے متاثرین کو بہترین علاج و معالجہ کی فراہمی ہی حکومت اورضلع انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اس موقع پر کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تانڈور میں قائم کیے جارہے اس ” کوویڈ کیئر سنٹر”  کی تکمیل جنگی خطوط پر کی انجام دی جائے اور اسکے ساتھ ساتھ اس کوویڈ کیئر سنٹر پر بلاء وقفہ برقی سربراہی،جنریٹر کانظم،سیکورٹی گارڈس کا تعین اور صاف صفائی کے عملہ کا بھی فوری طور پر تقرر کیا جائے۔کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے کہا کہ اس کے لیے ضروری فنڈ فوری طور پر جاری کیا جائے گا۔

ضلع کلکٹر نے کہا کہ اس کوویڈ کیئر سنٹر میں ہمہ وقت آکسیجن بیڈس کی موجودگی اورآکسیجن سیلنڈرس کے حصول کے بھی انتظامات کیے جائیں۔اس کے لیے ضلع کلکٹر نے کہا کہ پیر 3 مئی تک اس کوویڈ کیئر سنٹرجنگی پیمانے پر تیار کرلیا جائے۔

بعدازاں کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے یہاں کے گورنمنٹ ضلع ہسپتال پہنچ کر کوویڈ متاثرین کو دی جانے والی طبی سہولتوں کے متعلق تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے ہدایت دی کہ اس ہسپتال میں شریک دیگر مریض کوویڈ سے متاثر نہ ہوں اس کے لیے انہیں دیگر ہسپتال کو منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں اور ہسپتال میں شریک کوویڈ متاثرین کی تعداد کے حساب سے تمام ضروری انتظامات کرلینے کی بھی ہدایت دی۔

ضلع کلکٹر وقارآباد پوسومی باسو نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کرایہ پر مزید دو ایمبولنس گاڑیاں حاصل کی جائیں اور کوویڈ متاثرین کی صحتیابی کیلئے تمام ضروری طبی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

بعدازاں ضلع کلکٹر نے گورنمنٹ ہائی اسکول کا دؤرہ کیا جہاں گورنمنٹ ضلع ہسپتال سے کوویڈ ٹسٹنگ مرکز کی منتقلی کیلئے انتظامات کیے جارہے ہیں اور ہدایت دی کہ اس اسکول میں کوویڈ ٹسٹنگ مرکز کے قیام کیلئے تمام ضروری اقدامات منظم طریقہ سے کیے جائیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر چندریا ،آرڈی او تانڈوراشوک کمار، ڈاکٹر چیتینا،خصوصی عہدیدارہنمنت راؤ اور صدرضلع لائبرریز مرلی کرشنا گوڑ موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے