جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے زیر اہتمام طلبہ کیلئے تحریری و انعامی مسابقہ کا کامیاب انعقاد
ضلع کے مختلف مقامات سے 850طلبہ کی شرکت ، غیر مسلم طلبہ نے بھی حصہ لیا
تانڈور۔24۔جنوری (سحرنیوزڈاٹ کام ) جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے زیر اہتمام آج یہاں کے نیشنل گارڈن فنکشن ہال،حیدرآباد روڈ میں ہائی اسکولس اور کالجس کے طلبہ کے لیے تحریری و انعامی مسابقہ کا کامیاب انعقادعمل میں آیا جس میں غیرمسلم طلباء کے بشمول کثیر تعداد میں طلباء نے حصہ لیا۔

موجودہ دور میں نسل نو کی دین سے دوری کسی کے لیے محتاج بیان نہیں ہے بالخصوص عصری تعلیم یافتہ نوجوان طلباء کی ایک بڑی تعداد بنیادی اسلامی عقائد،عبادات،معاملات،معاشرت اور اخلاقیات کے لازمی و ضروری مسائل سے بھی ناواقف ہے اور مستورات اور لڑکیاں جو مستقبل میں پورے خاندان کی بنیاد اور مہذب اور صالح معاشرہ کے وجود میں آنے کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہیں ایسے حالات میں امت کے اس نوخیز طبقہ کو دینی تعلیمات کی فراہمی کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔اسی صورت حال کے پیش نظر ہائی اسکولس اور کالجس کے طلباء وطالبات کے لیے گرانقدر نقد انعامات پر مشتمل ضلعی سطح کا ایک تحریری مسابقہ بنام”تفہیم اسلام کورس”اردو اور رومن انگلش میں رکھا گیا تھا۔
اس مسابقہ میں ضلع وقارآباد کے اسمبلی تعلقہ جات تانڈور، پرگی اور کوڑنگل کے علاوہ دؤلت آباد،بشیرآباد،کوٹ پلی ، پدیمول،ممباپورکے علاوہ دیگرمواضعات سے زائد از850طلباء وطالبات نے حصہ لیا جن میں غیر مسلم طلباء کی بھی قابل لحاظ تعداد شامل ہے۔
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر نگرانی اور ڈاکٹر حافظ محمد عبدالسلام نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر نظامت منعقدہ اس مسابقہ کے تمام شرکاء کو جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے توصیفی سند بھی عطاء کی گئی۔
اس مسابقہ کے انعقادمیں الماس انٹرنیشنل اسکول تانڈور کی معلمات کا خاص تعاون رہا۔اس موقع پرجناب سید اصغر حسین موظف لکچرار ڈائٹ وقارآباد،جناب محمد ضیاء الدین ضیاء موظف لکچرار،جناب محمد خورشید حسین ،امیر مشاورت مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور،جناب محمد طاہر قریشی چیف پروموٹر الماس انٹرنیشنل اسکول تانڈور،مولاناعبدالرحمن اطہر قاسمی، مولانا محمد شکیل نظامی نائب قاضی،مولانا خلیل احمد محمدی،حافظ محمد مقبول احمد ، مولانا آصف رشیدی،حافظ محمد رئیس الدین،مولانا فراست علی قاسمی،مولانا اظہر الدین قاسمی،حافظ محمد عبدالقادر،حافظ محمد زبیر کرنکوٹ ، مولانا محمد عثمان دؤلت آباد،مفتی سید شکیل قاسمی،مفتی سعید احمدقاسمی،حافظ محمد معین،مولانا مبارک رشادی کے علاوہ اراکین جمعیۃ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

