دہلی میں مزید فورس کی تعیناتی، وزیرداخلہ امیت شاہ کے اجلاس میں فیصلہ
نئی دہلی :27۔جنوری (سحرنیوز ڈاٹ کام) کل ملک کے 72 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کی جانب سے دہلی میں کی گئی ٹریکٹر پریڈ کے دؤرا ن تشدد اور ناخوشگوار واقعات میں ایک شخص کے ہلاک ہونے اور متعدد پولیس جوانوں اور احتجاجی کسانوں کے زخمی ہونے کے واقعات کے بعد آج مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے نظم و ضبط و حالات کا جائزہ لینے کی غرض سے ایک خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے کل کے واقعات کی مکمل تفصیلات حاصل کیں ۔
اس اجلاس میں معتمد داخلہ مسٹراجئے بھلا، ڈائرکٹر انٹلیجنس بیورو(آئی بی) اور دہلی پولیس کے سینئر عہدیدار شریک تھے۔ذرائع کے بموجب مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دہلی میں امن و امان کی بحالی اور لا اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے اضافی نیم فوجی دستے تعینات کرتے ہوئے دہلی کے حساس مقامات پر اضافی دستوں کو متحرک کیا جائے۔
یادرہے کہ یوم جمہوریہ سے قبل ہی چار ہزار سے زائد ملٹری کے جوان دہلی میں تعینات کئے گئے تھے ۔ اطلاعات ہیں کہ دہلی اور این سی آرکے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سرویس معطل کردی گئی ہے یا پھر اس کی رفتار کو سست کیا گیا ہے!

