محکمہ موسمیات کی جانب سے تلنگانہ میں جاریہ تین دنوں کے دؤران شدید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد :14۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کا سلسلہ بنا ہوا ہے جس کے باعث گزشتہ چند دنوں سے ریاست تلنگانہ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔چار دنوں سے ریاست کے مختلف اضلاع میں دھوادھار اور موسلادھار بارش کا سلسلہ ہنوا جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ مزید دو تین دنوں تک ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش میں شدید بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات حیدرآبادکی پیش قیاسی کے مطابق ریاست کے چند اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات حیدرآباد نے پیش قیاسی کی ہے کہ آج 14 جولائی ، 15جولائی اور 16 جولائی تین دنوں تک ریاست تلنگانہ میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔اور آج چہارشنبہ 14 جولائی کو ریاست کے کئی اضلاع میں شدید ترین بارش کی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے۔
جبکہ آنیوالے دد دونوں کے دؤران ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک اور 30 تا 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات حیدرآباد کی پیش قیاسی کے مطابق آج بالخصوص شمالی تلنگانہ میں شدیدبارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب گزشتہ چار دنوں سے ریاست تلنگانہ میں جاری بارش کے باعث ریاست کے مختلف ذخائر آب، ندی ، نالے اور تالاب لبریز ہوگئے ہیں اور کئی اضلاع میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔
حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں ہونے والی شدید بارش کے باعث موسیٰ ندی پراجکٹ کی سطح آب مکمل طورپر لبریز ہوگئی ہے۔اس پراجکٹ کی جملہ سطح آب 645 فیٹ ہے جبکہ اس میں 642 فیٹ تک پانی کا ذخیرہ ہوگیا ہے۔

جس کے بعد عہدیداروں نے اس موسیٰ ندی پراجکٹ کے 6 گیٹ کھول کر 3,600 کیوزک پانی کو خارج کردیا ہے۔عہدیداروں نے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ اس بارش کے دؤران چوکس رہیں۔