وقارآباد ضلع میں جاریہ سال جرائم میں معمولی اضافہ، ضلع ایس پی سنیہا مہرہ نے سالانہ رپورٹ پیش کی

وقارآباد ضلع میں جاریہ سال جرائم میں معمولی اضافہ
ضلع ایس پی سنیہا مہرہ نے سالانہ رپورٹ پیش کی

حیدرآباد/وقارآبا د: 25۔ڈسمبر (سحرنیوز ڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع میں گذشتہ سال کی بہ نسبت جاریہ سال جرائم میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس پی وقارآباد ضلع محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے منگل کے دن دفتر ایس پی وقارآباد کے کانفرنس ہال میں طلب کردہ پریس کانفرنس میں سال 2025ء کی محکمہ پولیس کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال ضلع میں جرائم میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔اس پریس کانفرنس میں وقارآباد، تانڈور اور پرگی کے ڈی ایس پیز موجود تھے۔

ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے بتایا کہ گذشتہ سال ماہ نومبرتک ضلع میں 3,691 مختلف جرائم و حادثات پر مشتمل کیس درج رجسٹر کیے گئے تھے جبکہ جاریہ سال 3,813 کیس درج ہوئے ہیں اس طرح ضلع میں جاریہ سال 3.31؍فیصد جرائم میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔

ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرہ نے کہاکہ ضلع میں جرائم اور حادثات کی روک تھام اور ان میں کمی کےلیے محکمہ پولیس کی جانب سے مزید اقدامات کیے جائیں گے اور ساتھ ہی امن و امان کی برقراری اور خواتین پر ہونے والے مظالم و ہراسانی کی روک تھام پر خصوصی ترجیح دی جائے گی۔
ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے ضلع میں پرامن پنچایت انتخابات کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ضلع ایس پی نے ضلع کے عوام کو کرسمس اور سال نو کی مبارکبادپیش کی۔

محکمہ پولیس وقارآباد ضلع کی جانب سے پیش کی گئی سالانہ رپورٹ کے مطابق جاریہ سال مالی فائدہ کے لیے چار قتل کی وارداتیں پیش آئی ہیں جبکہ گذشتہ سال اسی معاملہ میں ایک قتل ہوا تھا وہیں جاریہ سال گروہوں کی جانب سے ڈکیتی کی دو وارداتیں پیش آئی ہیں،اور چوری کے تین کیس درج ہوئے ہیں۔

اسی طرح ضلع کے مختلف مقامات پرگذشتہ سال دن دہاڑے 20؍مقفل مکانات سے قفل شکنی کے ذریعہ 13؍وارداتیں انجام دی گئی تھیں جاریہ سال 20؍ وارداتیں انجام دی گئی ہیں۔جبکہ جاریہ سال رات کے وقت 68مقفل مکانات میں قفل شکنی کے ذریعہ سرقہ کی وارداتیں انجام دی گئی ہیں وہیں گذشتہ سال اسی طرز کے 87 کیس درج کیے گئے تھے۔

محکمہ پولیس وقارآباد ضلع کی سالانہ رپورٹ برائے 2025؍کے مطابق جاریہ سال ضلع میں معمولی چوریوں کے 137؍واقعات پیش آئے ہیں جبکہ گذشتہ سال 163؍واقعات پیش آئے تھے،اسی طرح ضلع میں قتل کے 25کیس درج کئے گئے ہیں جو کہ گذشتہ سال کی بہ نسبت تین زیادہ ہیں۔ جبکہ مجرمانہ قتل کی جاریہ سال 13؍وارداتیں پیش آئی ہیں جو گذشتہ کی بہ نسبت 7 ؍ زیادہ ہیں۔ آپسی تصادم کے دو واقعات درج ہوئے ہیں۔

وقارآباد ضلع میں جاریہ سال اغوا کے 65؍معاملات درج ہوئے ہیں وہیں عصمت ریزی کے63؍کیس درج کیے گئے ہیں۔اسی طرح ضلع میں جاریہ سال حملوں میں شدید زخمی کیے جانے کے 36اور معمولی زخمی ہونے کے 436 کیس درج کیے گئے ہیں۔وہیں ضلع میں دھوکہ دہی کے 279؍ کیس درج کیے گئے ہیں جو کہ گذشتہ سال کی بہ نسبت 35 زیادہ ہیں۔

جاریہ سال ضلع میں اقدام قتل کے 42؍مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ضلع میں 144؍ایسے حادثات پیش آئے ہیں جن میں ہلاکتیں واقع ہوئی وہیں اور 136؍حادثات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔اسی طرح ضلع وقارآباد میں جاریہ سال آئی پی سی کی دفعات کےتحت 967 کیس درج کئے گئے ہیں، وہیں گذشتہ سال 791؍کیس درج ہوئے تھے۔جبکہ خصوصی اورمقامی قوانین کے تحت 311؍ کیس اور بی این ایس کی دفعات کے تحت 1,037؍کیس درج کیے گئے ہیں۔