امریکی ریاست میسوری میں تلنگانہ کے دو طلبا دریا میں غرق، مہلوکین کا تعلق وقارآباد ضلع کے تا نڈور اور ہنمکنڈہ سے

امریکی ریاست میسوری میں تلنگانہ کے دو طلبا دریا میں غرق
مہلوکین کا تعلق وقارآباد ضلع کے تانڈور اور ہنمکنڈہ سے

حیدرآباد/وقارآباد:27۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

امریکہ کی ریاست مسوری میں ریاست تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کے تانڈور ٹاؤن سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان جو وہاں میڈیکل کی تعلیم حاصل کررہا تھا کی اس وقت موت واقع ہوگئی جب وہ وہاں کی ایک مشہور نہر میں تیراکی کے دوران اتفاقی طور پر پانی میں غرق ہوگیا۔اس واقعہ کی اطلاع آج شام دیر گئے موصول ہونے کے بعد متوفی کے والدین اور رشتہ داروں میں غم کی لہر دؤڑگئی ہے۔امریکی پولیس کے مطابق متوفی کے ساتھ اس کا ایک اور دوست بھی اس نہر میں غرقاب ہوا ہے تاہم اس کی نعش برآمد نہیں ہوئی ہے۔

تفصیلات کےمطابق تانڈور کی شانتی نگرکالونی میں موجود اپیکس ہسپتال کی عمارت کے مالک وینکٹیش اور ان کی بیوی جیوتی کے دو لڑکے وکرم اور شیوادتا امریکہ کی ریاست مسوری میں مقیم ہیں۔جن میں سے بڑا بھائی وکرم وہاں خانگی کمپنی میں ملازمت کررہا ہے۔اور چھوٹا بھائی شیوادتا ڈینٹل سرجن (ایم ایس) کی تعلیم حاصل کررہا ہے۔شیوادتا تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے ماہ جنوری میں امریکہ روانہ ہوا تھا۔اورمسوری کی سینٹ لوئز یونیورسٹی (ایس ایل یو) میں دینٹل سرجن کی تعلیم حاصل کررہا تھا۔

ہفتہ کی دوپہر 40-2 بجے تانڈور کا ساکن شیوا دتا (25سالہ) اپنے ایک دوست جس کی شناخت کنٹہ اتھیج،ساکن ہنمکنڈہ کی حیثیت سے کی گئی ہے کے ساتھ مل کر تفریح کی غرض سےمسوری کی مشہور” اوزارکس نہر "پہنچا تھا۔اور اتفاقی طور پر ان دونوں کی نہر میں ڈوب جانے کے باعث موت واقع ہوگئی۔

اطلاع پرپٹرولنگ پولیس نےغوطہ خوروں کی مددسے تانڈورکےساکن شیوادتا کی نعش نہرسے برآمد کرلی تاہم آج اتوار کی شام تک اس کے دوست کی نعش دستیاب نہیں ہوئی ہے۔

جواں سال فرزند کی امریکہ میں موت کی اطلاع کے بعد اس کے مکان واقع شانتی نگر میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔والدین نے اس سلسلہ میں ان کے فرزند کی نعش امریکہ سے منتقل کرنے کےلیے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی سے ربط قائم کیا۔جس کےبعدرکن اسمبلی نے اس سلسلہ میں ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی اور ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کو اس واقعہ کی اطلاع دیتے ہوئے متوفی شیوادتا کی نعش کو جلد امریکہ سے ملک منتقل کرنے کے لیے نمائندگی کی ہے۔آج شام دیرگئےجب اس واقعہ کی اطلاع عام ہوئی توتانڈور میں غم اور افسوس کی لہر دؤڑ گئی ہے۔