طلبہ اپنی تعلیمی اور تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے
مذہبی بھید بھاؤ کی تفریق کو بالائے رکھ کر اپنا مستقبل تابناک بنائیں
الماس انٹرنیشنل اسکول تانڈور میں ایکسپو اور طلبہ کی تہنیتی تقریب
ڈی ایس پی شیکھر گوڑ اور ڈاکٹر سنجیو نام پلی کا خطاب
وقارآباد/تانڈور: 28۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تانڈور جی۔شیکھرگوڑ اور پرنسپل فارچیون بٹر فلائی سینئر سیکنڈری اسکول،کڑتال ڈاکٹرسنجیو نام پلی نے طلبا و طالبات کو تلقین کی ہےکہ وہ اپنے اندر موجودتعلیمی،تحقیقی اورتخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے زندگی کے مختلف میدانوں اور شعبہ جات میں آگے بڑھتے ہوئے قوم اور ملک کا نام روشن کریں اور اپنے والدین کی خواہشات و امیدوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔
وہ کل تانڈور میں موجود وقارآبادضلع کے واحدسی بی ایس ای نئی دہلی سےمسلمہ الماس انٹرنیشنل اسکول میں منعقدہ اسلامک ایکسپو 2022کی تقریب سے خطاب کررہےتھے۔جس کاافتتاح محمدطاہر قریشی چیف پروموٹرالماس انٹرنیشنل اسکول اور مولانامحمدعبداللہ اظہر قاسمی ڈائرکٹر الماس انٹرنیشنل اسکول کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
اس ایکسپو میں 250 سے زائد طلباء طالبات نے سائنس،سوشیل،میاتھس،اسلامک اسٹڈیز،اردو، انگلش اور تلگو زبانوں میں اپنی تحقیقی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے 160 سے زائد مختلف ماڈلز اور ورکنگ ماڈلز پیش کئے۔جس میں مسجد الحرام،مسجد نبویؐ،کشتی نوحؑ،آب زم زم،اسرو، ڈاکٹرز چیمبر،سولارسسٹم،انجینئر نگ،تاریخی عمارتیں،پارلیمنٹ بلڈنگ،قومی ورثہ،ہندوستانی فوجیوں کی خدمات کو خراج تحسین،روبوٹس، ڈیاگناسٹک سنٹرکے علاوہ دیگر ماڈلز پیش کرتے ہوئے ایکسپو کے مہمانان خصوصی ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ اور پرنسپل فارچیون بٹر فلائی سینئر سیکنڈری اسکول،کڑتال ڈاکٹر سنجیو نام پلی سمیت ایکسپو کا مشاہدہ کرنے والوں کی بڑی تعداد کو دم بخود کردیا۔
اس موقع پرالماس انٹرنیشنل اسکول سے فارغ شدہ پانچ بیاچس کےزائداز 130 طلبا و طالبات کوتہنیت پیش کی گئی۔جس میں گزشتہ سال سالانہ امتحانات میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے صد فیصد نتائج حاصل کرنے والے ہونہار طلباء و طالبات کو بھی یادگار مومنٹوز پیش کئے گئے۔
اس ایکسپو کامشاہدہ کرنے کے بعدمنعقدہ تقریب سے اپنے خطاب میں ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھرگوڑ نے کہاکہ طلبہ کی تخلیقی وتخلیقی صلاحیتوں اور ان کی جانب سے تیار کردہ ماڈلز کا مشاہدہ کرنےکے بعد میرے پاس ان کی صلاحیتوں کی تعریف و توصیف کے لئے الفاظ نہیں ہیں اور اساتذہ اور انتظامیہ کی بہتر رہنمائی بھی قابل تحسین ہے۔انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کےذریعہ روشن مستقبل کویقینی بناتے ہوئے قوم،ملک اور ریاست کا نام روشن کریں۔
پرنسپل فارچیون بٹر فلائی سینئر سیکنڈری اسکول،کڑتال ڈاکٹرسنجیو نام پلی نے اپنے خطاب میں کہاکہ طلبہ کی تخلیقی صلاحیتیں لائق ستائش ہیں اور طلبہ کے سرپرستوں کےعلاوہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ ان کی مزیدحوصلہ افزائی اور رہنمائی کرتے رہیں۔ڈاکٹر سنجیو نام پلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں مذہبی بھید بھاؤ کی تفریق سے دور رہتے ہوئے اپنےمستقبل کوروشن و تابناک بنانے اور ایک قابل و صحت مند معاشرہ تشکیل دینے کی سخت ضرورت ہے۔
اس ایکسپو اورتقریب میں سب انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل ) مدھوسدھن ریڈی،عبدالرحمٰن اطہر قاسمی،وائس چیئرمین الماس انٹرنیشنل اسکول کے علاوہ کثیر تعداد میں اولیائے طلبہ،عوام الناس،مختلف اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ نے شرکت کی۔