رائلٹی کی قیمتوں میں اضافہ سے پتھر کی صنعت بحران کا شکار
قیمتوں میں کمی اور سلاب رائلٹی کا نظم بحال کیا جائے
وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی سے رکن اسمبلی کی قیادت میں
تانڈور اسٹون مرچنٹس اور کواری اونرس کے عہدیداروں کی نمائندگی
وقارآباد/تانڈور: 09۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاستی وزیرتعلیم محترمہ پی۔سبیتا اندراریڈی سے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی قیادت میں تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن اور تانڈورمنڈل کواری اونرس ویلفیئراسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ایک وفدنے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یادداشتیں حوالے کیں
صدر تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن ایم اے نعیم افو،نائب صدر عبدالصمد،جنرل سیکریٹری فیاض بیگ،کارگزار صدر تانڈورمنڈل کواری اونرس ویلفیئراسوسی ایشن باغبان کریم،جنرل سیکریٹری وینکٹ رام ریڈی،خازن منظور پاشاہ،جوائنٹ سیکریٹری سید زبیرپاشاہ اور دیگر پرمشتمل اس وفد نے ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی سے حیدرآباد میں ملاقات کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ پتھر پر رائلٹی کی قیمتوں میں اضافہ اور دیگر لزوم کے باعث مختلف مسائل سے دوچار تانڈور کی پتھر کی صنعت مزید مشکلات اور شدید بحران کا شکار ہوگئی ہے۔

وزیرتعلیم کو بتایا گیا کہ صنعتوں کی برقی شرحوں میں فی یونٹ ایک روپیہ کا اضافہ اور ساتھ ہی ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ کے باعث پتھر کی صنعت کو پہلے ہی مشکلات درپیش ہیں اور صنعت مالکین کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔
اسی دؤران ریاستی حکومت کی جانب سے جدید قواعد کے ساتھ رائلٹی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کی وجہ سے بھی پتھر کی صنعت مزید مسائل سے دوچار ہوگئی ہے۔
ان مسائل کی سماعت کے بعد ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن اور تانڈور منڈل کواری اونرس ویلفیئر اسوسی ایشن کے اس وفد کو تیقن دیا کہ سلاب رائلٹی کی بحالی کے سلسلہ میں وہ جلد ہی حکومت سے موثر نمائندگی کریں گی اور ساتھ ہی وزیراعلیٰ کے سی آر اور ریاستی وزیر کے ٹی آر سے بھی ملاقات کرتے ہوئے تانڈور کی پتھر صنعت کی رائلٹی کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث درپیش مشکلات اور دیگر مسائل سے واقف کرواتے ہوئے ان مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گی۔

