ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ پر ٹی آرایس کا قبضہ برقرار، بی جے پی امیدوارکی ضمانت ضبط

ریاستی خبریں

ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ پر ٹی آرایس کا قبضہ برقرار،بی جے پی امیدوار کی ضمانت ضبط

نلگنڈہ: 2۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کے اسمبلی حلقہ ناگر جنا ساگر کے ضمنی انتخابات کے نتائج میں آج ریاست میں برسراقتدار ٹی آرایس پارٹی امیدوار نومولابھگت نے شاندار کامیابی درج کرواتے ہوئے اس نشست پر ٹی آرایس کا قبضہ برقراررکھا ہے۔جبکہ بی جے پی امیدوار روی نائیک اپنی ضمانت تک بچانے میں ناکام ہوگئے۔

وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے سی آر کیساتھ آج اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نوجوان امیدوار نومولا بھگت۔

یاد رہے کہ حلقہ اسمبلی ناگر جنا ساگر ے ٹی آرایس رکن اسمبلی نومولانرسمہیا کی گزشتہ سال ڈسمبر میں اچانک انتقال سے یہ نشست خالی ہوئی تھی جہاں17۔اپریل کو ضمنی انتخابات منعقد ہوئے تھے۔

ٹی آرایس پارٹی نے آنجہانی نومولا نرسمہیا کے فرزند نومولا بھگت کو اپنا امیدوار بنایا تھا جنہوں نے آج 18,804ووٹوں کی اکثریت سے شاندار کامیابی درج کرواتے ہوئے اپنے مخالف کانگریسی امیدوار کے۔ جانا ریڈی کو شکست دی جو مقابلہ میں دوسرے نمبر پر رہے۔

ان ضمنی انتخابات کی خاص بات یہ رہی کہ آج کامیاب ہونے والے ٹی آرایس امیدوار نومولا بھگت نے اپنے والد آنجہانی نومالا نرسمہیا سے زائد ووٹ حاصل کیے ہیں۔2018ء میں منعقدہ اسمبلی انتخابات کے وقت انکے والد نے اپنے مخالف امیدوار کو 7,771 ووٹوں کی اکثریت سے شکست دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔

جبکہ آج کے نتائج میں نومولا بھگت نے اپنے مخالف کانگریسی امیدوار کے۔جانا ریڈی کو 18,804 کی اکثریت سےشکست دی ہے۔ 2018ء کے انتخابات میں آنجہانی نومولا نرسمہیا کو جملہ 83,000 ووٹ حاصل ہوئے تھے جبکہ آج ضنی انتخابات کے نتائج میں آنجہانی نومولا نرسمہیا کے فرزند نومولا بھگت نے 87,000 سے زائد ووٹ حاصل کیے ہیں۔

وہیں 2018ء کے اسمبلی انتخابات میں کانگریسی امیدوار و سابق وزیر داخلہ متحدہ آندھراپردیش کے۔ جانا ریڈی 75,000 ووٹ حاصل کرتے ہوئے شکست سے دوچار ہوئے تھے آج کے نتائج میں کانگریسی امیدوار کے۔جانا ریڈی نے 68,000سے زائد ووٹ حاصل کیے ہیں۔اس طرح نومولا بھگت نے اپنے آنجہانی والد سے زیادہ ووٹ حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔

ناگرجناساگرحلقہ اسمبلی کےضمنی انتخابات میں آج کامیابی حاصل کرنے والے ٹی آرایس امیدوار نومولابھگت اپنے آنجہانی والد کے ساتھ۔(فائل فوٹو)

حلقہ اسمبلی ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخابات میں ٹی آرایس امیدوار نومولابھگت کی شاندار کامیابی پر ریاستی وزیر اعلیٰ کے سی آر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے رائے دہندگان کا شکریہ ادا کیا اور اس جیت کو ٹی آرایس کے طرز حکومت پر رائے دہندوں کی مہر قرار دیا ہے۔

جبکہ گزشتہ سال تلنگانہ کے اسمبلی حلقہ دوباک کے ضمنی انتخابات اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں44 نشستوں پر کامیابی کے بعد ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں کامیابی کا بی جے پی کا خواب چکنا چور ہوگیا ہے جس نے کسی بھی طریقہ سے اس نشست پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ میں بی جے پی مضبوط بناتے ہوئے 2023ء میں منعقد ہونے والی ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی کے ذریعہ ریاست کے اقتدار پر قبضہ کرنے کا بارہا مرتبہ دعویٰ کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے