وزیراعلیٰ تلنگانہ کے سی آر کے دورہ وقارآباد کے دوران سخت انتظامات
رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف ہوگی کارروائی
حیدرآباد،تانڈور اور پرگی کے راستوں پر ٹریفک تحدیدات
ضلع ایس پی کوٹی ریڈی کی پریس کانفرنس،1600 ملازمین پولیس کی تعیناتی
وقارآباد:14۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ 16 اگست،بروزمنگل وقارآباد ضلع مستقر کا دورہ کررہے ہیں۔پہلے طئے کیاگیاتھا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر بذریعہ ہیلی کاپٹر وقارآباد پہنچیں گے۔تاہم وزیراعلیٰ بذریعہ سڑک وقارآباد کا دورہ کرنےوالے ہیں۔کل رات سرکاری طورپر جاری کردہ دورہ کی تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے سی آر 16 اگست کو ایک بجے دن پرگتی بھون،حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔دو بجے دن وقارآباد پہنچیں گے اور ٹی آر ایس بھون کا افتتاح انجام دیں گے۔
بعدازاں 40-2 بجے تا 4 بجے انٹیگریٹیڈ ڈسٹرکٹ آفسیس کامپلیکس(دفتر کلکٹریٹ) کا افتتاح انجام دیں گے۔میڈیکل کالج کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھیں گے۔بعدازاں ایک جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔وزیراعلیٰ کے سی آر دفترکلکٹریٹ کے گراونڈمیں 4 بجے تا 5 بج کر 15منٹ تک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
اس سلسلہ میں آج ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کے دورہ وقارآباد کے دوران 1600 ملازمین پولیس کے ساتھ سخت انتظامات کئے جائیں گے۔ان کے علاوہ انٹلیجنس اوراسپیشل برانچ کے عہدیداروں اور ملازمین کی گہری نظر رہے گی۔ضلع ایس پی نے کہاکہ ان انتظامات میں 4 ضلع ایس پیز، 6 ایڈیشنل ایس پیز،14 ڈی ایس پیزکے علاوہ 63 سرکل انسپکٹران پولیس اور 146 سب انسپکٹران پولیس بھی انتظامات پر مامور رہیں گے۔
ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کے دورہ سے قبل اور دورہ کے دوران مختلف ٹریفک تحدیدات عائد کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ پرگی اور وقارآباد کے درمیان وزیراعلیٰ کے دورہ سے دو گھنٹے قبل ہی ٹریفک روک دی جائے گی۔اور ان گاڑیوں کو براہ منے گوڑہ روانہ کیا جائے گا۔جبکہ حیدرآباد۔تانڈور ٹریفک آمدورفت کو براہ پرگی اور کوڑنگل روانہ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ تانڈور،چیوڑلہ،کوڑنگل اور پرگی سے وزیراعلیٰ کے جلسہ میں شرکت کی غرض سے آنے والوں کو جلسہ گاہ سے نصف کلومیٹر کے فاصلہ پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ایس پی ضلع وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیراعلیٰ کے دورہ کے موقع پر احتجاج کا چند قائدین اور جماعتوں نے اعلان کیا ہے تاہم انہوں نے انتباہ دیا کہ وزیراعلیٰ کے دورہ کے موقع پر احتجاج یا دیگر رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ منتخبہ عوامی نمائندوں اور میڈیا نمائندوں کو خصوصی پاس جاری کئے جائیں گے۔اس پریس کانفرنس میں ایڈیشنل ایس پی ڈاکٹر ایم اے رشید بھی موجود تھے۔یاد رہے کہ وقارآباد کے کانگریسی اور بی جے پی قائدین کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کے دورہ کے موقع پر وہ احتجاج منظم کریں گے۔