تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیز کمیشن کے چیئر مین کی حیثیت سے طارق انصاری کا تقرر
چیف منسٹر چندراشیکھرراؤ نے کاغذات نامزدگی حوالے کیے
حیدرآباد/نظام آباد: 03۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)
نظام آباد ضلع میں آج شام اس وقت خوشی کی لہر دؤڑ گئی جب نظام آباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان حرکیاتی بی آر ایس پارٹی قائد طارق انصاری کو چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے ” چیئر مین تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیز کمیشن ” نامزد کیا۔اور خود چیف منسٹر نے کاغذات تقرری طارق انصاری کے حوالے کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر طارق انصاری نے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ کا شکریہ ادا کیا۔
اس سلسلہ میں پرنسپل سیکریٹری حکومت تلنگانہ جناب احمد ندیم آئی اے ایس نے طارق انصاری کے بحیثیت چیئر مین تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیز کمیشن کی نامزدگی پر مشتمل جی او نمبر ایم ایس 03 جاری کیا ہے۔
طارق انصاری کا شمار نظام آباد کے ایک حرکیاتی نوجوان قائد میں ہوتا ہے جو تلنگانہ جدوجہد سے ہی ٹی آر ایس پارٹی سے جڑے ہوئے ہیں جو اب قومی پارٹی کی حیثیت سے بی آر ایس میں تبدیل ہوچکی ہے۔ٹی آر ایس پارٹی کے تاسیسی رکن طارق انصاری جو علحدہ تلنگانہ تحریک کا حصہ تھے کو قبل ازیں پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری کے عہدہ کی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی۔
طارق انصاری شروع ہی سے اقلیتوں کو پارٹی سے قریب کرنے،اقلیتوں کےمسائل کے حل کے لیےحکومت سےموثر نمائندگی اور نظام آباد میں اقلیتوں کی معاشی،تعلیمی اور سماجی ترقی کےلیے جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ نظام آباد ضلع میں بالخصوص اقلیتی طبقہ میں خوشی کی لہر دؤڑ گئی ہے کہ ایک طویل انتظار کے بعد ضلع سے کسی اہم باوقار عہدہ پر موزوں اور حرکیاتی شخصیت کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔
نونامزد چیئر مین تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیز کمیشن طارق انصاری (ـ45 سالہ) کا تعلق ایک تعلیم یافتہ گھرانے سے ہے اور وہ خود بھی گوتمی ڈگری کالج نظام آباد کے ڈائریکٹر ہیں۔ان کے والد مرحوم اختر انصاری ایڈوکیٹ نظام آباد کی ایک جانی مانی شخصیت کے مالک تھے۔
بحیثیت چیئر مین تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیز کمیشن اپنے انتخاب کے بعد طارق انصاری نے آئینہء نظام آباد کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں اس عہدہ پر نامزد کیا۔انہوں نےعزم کیا کہ وہ اس عہدہ کی تین سالہ معیاد کے دوران تمام اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔
ساتھ ہی طارق انصاری نے اپنے انتخاب کےبعد ریاستی وزیر داخلہ جناب محمومحمود علی، کارگزار صدر بی آر ایس و ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق و آئی ٹی کے۔تارک راما راؤ،ریاستی اسمبلی کے اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی،ریاستی وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی،چیئر مین آر ٹی سی باجی ریڈی گووردھن،رکن راجیہ سبھا سریش ریڈی،رکن قانون ساز کونسل کے۔کویتا،ارکان اسمبلی بیگالا گنیش ریڈی،جیون ریڈی، محمدعامر شکیل، ہنمنت شنڈے،چیئر مین ریاستی وقف بورڈ محمدسلیم،چیئر مین ریاستی حج کمیٹی مسیح اللہ خان،چیئر مین ریاستی اردو اکیڈیمی ایم کے مجیب الدین کے علاوہ ضلع نظام آباد کے پارٹی قائدین اور تمام بہی خواہوں کا شکریہ اداکیا ہے۔

