عمرہ کیلئے بغیراجازت نامہ کے حرم شریف جانے والوں پر دس ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا
سعودی عرب/ریاض(سحر نیوز ڈاٹ کام)
وزارت داخلہ سعودی عرب نے متنبہ کیا ہے کہ عمرہ کیلئے بغیر اجازت نامہ کے حرم شریف جانے والوں پر دس ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔جمعرات 8 اپریل کو جاری کیے گئے بیان میں سعودی وزارت داخلہ کے عہدیدار نے کہا ہے کہ اس فرمان کا مقصدمسجدالحرام،اس کے صحن،مطاف،صفااور مروہ کے درمیان سعی سمیت تمام دیگر مقامات پر کوروناوائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکناہے اور زیادہ تعداد میں بھیڑ کو کنٹرول کرنے کیلئے لگائی گئی اس پابندی پر موثر طریقہ سے عمل کرناہے۔
وزارت داخلہ سعودی عرب کی جانب سے عائد کی گئی اس پابندی میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص رمضان المبارک کے دوران بغیر اجازت نامہ عمرہ کرنے کی غرض سے جائے گا تو اس پر دس ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا جبکہ کسی نے مسجد الحرام میں بغیر اجازت نامہ کے داخل ہونے کی کوشش کی تو اس پر ایک ہزار ریال کا جرمانہ عائد کیا جائے گااور یہ جرمانے کورونا وائرس کی وبا کے خاتمے کے اعلان تک نافذ العمل رہیں گے۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہوں یا نماز کے لیے مسجد الحرام جانے کے خواہش مند ہوں وہ جانے سے قبل اجازت نامہ لازمی طور پر حاصل کرلیں۔
سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ سدایا کے تعاون سے اعتمرنا اور توکلنا ایپس کے نئے ایڈیشن جاری کردئیے گئے ہیں۔ان سے استفادہ کیا جاسکتاہے۔ یہاں یہ تذکرہ لازمی ہے کہ سعودی وزارت حج وعمرہ نے سدایا کے تعاون سے اعتمرنا اور توکلنا ایپس کے نئے ایڈیشن جاری کر دئیے ہیں۔ سعودی شہری اور سعودی عرب میں مقیم تارک وطن رمضان المبارک کے دؤران عمرہ، زیارت اور نماز کے اجازت نامے اعتمرنا ایپ کے ذریعہ ہی حاصل کرسکیں گے جبکہ توکلنا ایپ پر اجازت نامے دیکھے جاسکتے ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ نے متنبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی عملہ تمام شاہراہوں، چیک پوسٹس اور حرم شریف جانے والے راستوں پر اجازت ناموں کی جانچ کریں گے اور جاری کیے گئے احکام کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حرم شریف جانے سے روک دیا جائے گا۔