وقارآباد: پدیمول کے ایک مکان میں پراسرار دھماکہ،نوجوان شدید زخمی،دیسی بم پھٹنے کا شبہ؟
وقارآباد/تانڈور:25۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآباد ضلع کے پدیمول منڈل مستقر کے ایک مکان میں آج ایک پراسرار دھماکہ سے ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پدیمول کے ساکن بیاگری یادپا کے مکان کے باہر اچانک ایک پراسرار دھماکہ ہوا جب اس دھماکہ کی آواز سے پریشان مکان کے اندر موجود افراد اور پڑوسی وہاں پہنچے تو یادپا کا بیٹا وینکٹیش 19 سالہ شدید زخمی حالت میں پڑا ہوا تھا جس کے سر اور ہاتھوں پر شدید زخم آئے ہیں۔
اس دھماکہ میں شدید زخمی نوجوان کو اس کے افراد خاندان اور مقامی افراد نے فوری تانڈور کے گورنمنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا۔جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
مقامی افراد کو شبہ ہے کہ دیسی بم پھٹنے سے یہ دھماکہ ہوا ہے!
اس واقعہ کی اطلاع کے فوری بعد ڈی ایس پی تانڈورلکشمی نارائنا،سرکل انسپکٹرپولیس تانڈور(رورل) جلندھر ریڈی،سب انسپکٹر پولیس پدیمول ایم اے غفار جائے مقام پر پہنچ گئے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔
بعدازاں ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔ نارائنا نے بھی پدیمول پہنچ کر اس مکان کا مشاہدہ کیا اور تمام تفصیلات حاصل کیں۔اس سلسلہ میں پولیس تمام زاویوں سے اس دھماکہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ جائے مقام پر بم اسکواڈ اور فارنسک ٹیم طلب کرلی گئی ہے جو باریکی کے ساتھ اس سارے مکان اور اطراف کے علاقہ کی تلاشی میں مصروف ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ زخمی وینکٹ کا باپ یادیا اور دیگر افراد خاندان پولیس کو یہ باور کروانے کی کوشش میں مصروف ہیں کہ یہ دھماکہ گیس سیلنڈر کے پھٹنے سے ہوا ہے لیکن پولیس اس پر یقین کرنے کے موقف میں نظر نہیں آتی!
اس سلسلہ میں پدیمول پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے۔پولیس تحقیقات کے بعد ہی دھماکہ کی وجوہات کا علم ہوسکتاہے!اس معاملہ میں پولیس نے اب تک کوئی انکشاف نہیں کیا ہے۔