بمبئی ہائی کورٹ سے آریان خان کی درخواست ضمانت کی منظوری کے بعد
شاہ رخ خان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے
آریان خان کے وکیل و سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی کا انکشاف
بمبئی: 29۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے 23 سالہ فرزند آریان خان کی درخواست ضمانت کو بمبئی ہائی کورٹ کی جانب سے منظور کیے جانے کے بعد شاہ رخ خان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔
اس بات کا انکشاف سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے این ڈی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کے دؤران کیا ہے۔
یاد رہے کہ 25 اکتوبر کی رات لندن سے پہنچے مکل روہتگی نے 26 اکتوبر سے تین دنوں تک آریان خان کی ضمانت کے لیے بمبئی ہائی کورٹ میں مدلل بحث کی تھی جس کی ہر طرف سے ستائش کی جارہی ہے۔آریان خان کے وکلاء کی ٹیم میں سینئر ایڈوکیٹ امیت دیسائی اور ستیش منشنڈے بھی شامل ہیں جنہوں نے این ڈی پی ایس کی خصوصی عدالت اور سیشن کورٹ میں پیروی کی تھی۔

مکل روہتگی نے این ڈی ٹی وی سے کہا کہ بے چینی کے عالم میں کافی کے بعد کافی کافی پیتے ہوئے شاہ رخ خان اپنے بیٹے آریان خان کی لیگل ٹیم کو نوٹس اور مشورے فراہم کرتے رہے
آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی ٹیم نے 2 اکتوبر کی رات ممبئی سے گوا جارہی کروز سے اپنی تحویل میں لیا تھا اور 3 اکتوبر کو منشیات معاملہ میں ان کی باقاعدہ گرفتاری کا اعلان کیا تھا بعد ازاں آریان خان 8 اکتوبر تک نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحویل میں رہے پھر تین ہفتوں سے بمبئی کی آرتھر روڈ جیل میں ہیں۔
خصوصی این ڈی پی ایس عدالت اور سیشن کورٹ سے آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد ان کے وکلا بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے جہاں 26 اکتوبر سے اس درخواست ضمانت پر مدلل بحث کے بعد بمبئی ہائی کورٹ نے کل آریان خان اور ان کے دو ساتھی ارباز مرچنٹ اور مون مون دھمیچا کو ضمانت منظور کی تھی تاہم آج 29 اکتوبر کو بمبئی ہائی کورٹ کے معزز جسٹس ضمانت کی شرائط اور رہائی کا فیصلہ صادر کریں گے امکان ہے کہ آریان خان آج آرتھرروڈ جیل سے رہا ہوں گے یا پھر عدالتی کارروائی میں تاخیر ہوتی ہے تو کل ہفتہ کو ان کی رہائی عمل میں آسکتی ہے!

سینئر ایڈوکیٹ مکل روہتگی نے کہا کہ شاہ رخ خان ان سے مسلسل رابطہ میں تھے اور مجھے بھی وہ مشورے دے رہے تھے۔مکل روہتگی نے این ڈی ٹی وی سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے وہ نچلی عدالت میں ہار گئے تھے۔چنانچہ معاملہ ہائی کورٹ پہنچا اور اس میں ایک مہینہ گزر گیا۔مکل روہتگی نے بتایا کہ آریان خان کے والدین شاہ رخ خان اور گوری خان بہت زیادہ پریشان تھے اور اسی وجہ سے وہ اس کیس میں زیادہ دلچسپی لے رہے تھے۔

آریان خان کے وکیل مکل روہتگی نے کہا کہ شاہ رخ خان نے اپنی تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں ترک کر دی تھیں اور وہ ہر وقت دستیاب تھے وہ درحقیقت اس قانونی ٹیم کی مدد کے لیے نوٹس بنا رہے تھے کہ انہیں ان واٹس ایپ چیاٹس اور اس کے بارے میں کیا یاد تھا۔
سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان وکیل نہیں ہے لیکن وہ بہت زیادہ ادراک اور مضبوط سوجھ بوجھ کے مالک ہیں۔وہ مجھے پس منظر بتانے کی کوشش کر رہے تھے کہ ان کے بیٹے نے کہاں تعلیم حاصل کی،وہ کس کو جانتا تھا اور وہ واٹس ایپ چیاٹس کس کے بارے میں ہیں۔ان کے پاس وہ واٹس ایپ کی گپ شپ نہیں تھی چیاٹس آرین خان کے فون میں ہیں اور فون نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے پاس ہے۔
مکل روہتگی نے کہا کہ شاہ رخ خان نے مجھے تمام پس منظر بتایا تھا کہ یہ آپ کی مدد کر سکتا ہے وہ بہت سمجھدار اور دسترس والا انسان ہے۔
مکل روہتگی نے این ڈی ٹی وی سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ آریان خان کے والد شاہ رخ خان سے ملے جن کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے تاہم ان کی ماں گوری خان سے ان کی ملاقات نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ جب سے میں یہاں ہوں شاہ رخ خان اپنے بیٹے کی گرفتاری کو لے کر چار پانچ دنوں سے بہت زیادہ پریشان تھے مجھے تو یقین بھی نہیں ہے کہ اس دؤران شاہ رخ خان نے کھانا کھایا بھی یا نہیں! تاہم ضمانت کی منظوری کے بعد میں نے شاہ رخ خان کے چہرے پر اطمینان اور سکون دیکھا۔

