کل سے تلنگانہ میں چھٹی تا آٹھویں جماعتوں کا ہوگا آغاز
حیدرآباد۔24۔فروری (سحرنیوز ڈاٹ کام)
ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر کی ہدایت پرکل 24 فروری سے ریاست میں چھٹی ، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں کیلئے تعلیمی آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا ہے کہ ان جماعتوں کے اندرون ماہِ فروری یا یکم مارچ تک آغاز کیلئے اسکولس انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے۔
ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا ہے کہ ساتھ ہی اسکولس کے آغاز سے قبل اور بعد میں کوویڈ سے تحفظ کیلئے تمام رہنمایانہ اُصول اور قواعد پرسختی کیساتھ عمل کرنا لازمی ہوگا۔

اور اس سلسلہ میں طلبہ کے سپرستوں کی رضامندی بھی ضروری ہوگی کہ وہ اپنے بچوں کو اسکولس روانہ کرنا چاہتے ہیں یا نہیں؟یا د رہے کہ ریاست میں کوویڈ وباء کے بعد یکم فروری سے نویں جماعت سے ہائی اسکولس اور کالجس کی کشادگی عمل میں لائی جاچکی ہے۔
اس سلسلہ میں ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے آج شام چیف سیکریٹری ہائر ایجوکیشن چترا رام چندرن اور ڈائرکٹر اسکولس محکمہ تعلیمات دیوا سینا کیساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ جس میں کل سے چھٹی ، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں کی کشادگی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس سلسلہ میں کیے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔