جہیز کی لعنت کے خلاف "اصلاح معاشرہ ٹاسک فورس” کی تشکیل
تحریک مسلم شبان کے زیر اہتمام میڈیا پلس آڈیٹوریم میں" مخالف جہیز " گول میز کانفرنس
مشتاق ملک، مفتی محبوب شریف، جسٹس اسماعیل اور دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔ 9/مارچ۔(میڈیا پلس/سحر نیوزڈاٹ کام)
جہیز کی لعنت کو معاشرہ سے ختم کرنے کے لئے تحریک مسلم شبان نے اصلاح معاشرہ ٹاسک فورس کی تشکیل کا اعلان کیا ہے جو محلہ واری سطحوں پر عوام میں جہیز کے خلاف شعور بیداری اور ذہن سازی کی ریاست گیر مہم چلائے گی۔اس کے علاوہ شادی خانوں کے روبرو بیجا اصراف اور لین دین کے خلاف پُرامن اور مخالف جہیز نعروں کے پلے کارڈس کے ساتھ خاموش مظاہرہ کرے گی۔
میڈیا پلس آڈیٹوریم میں تحریک مسلم شبان کے زیر اہتمام جناب مشتاق ملک کی زیر صدارت منعقدہ گول میز کانفرنس میں متفقہ طور پر قراردادیں منظور کی گئی ہیں کہ جہیز لین دین والوں سے ربط پیدا کیا جائے اور محلّہ واری سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں۔ کمیٹی کے دفتر یا مسجد میں طلب کرکے ان کے قلب کی تطہیر کا کام کیا جائے۔
اصلاح معاشرہ فورمس کی تشکیل کا کام کیا جائے، ہر محلہ و گلی میں فورمس کے سپاہی ہونے والی شادیوں پر نظر رکھیں۔ شادی سادگی سے کی مہم مسلسل چلائی جائے، محلّوں میں پیدل دؤرے کئے جائیں۔ 100 ذمہ داروں کی کمیٹی بنائی جائے جو ہفتہ واری سطح پر اجلاس منعقد کرے حالات کا اور مہم کا جائزہ لے۔
علماء و مفتیان کرام کی رہبری سے ہی یہ جدوجہد کی جائے۔ تمام مسالک کے ذمہ داروں کو اس اصلاح معاشرہ کمیٹی میں شامل کیا جائے جس کے سرپرست جسٹس ای اسماعیل اور مولانا محبوب شریف ہیں جبکہ مشتاق ملک صدر ہوں گے۔ شادی خانوں میں تقریب کا وقت متعین کیا جائے۔ اس ضمن میں محکمہ پولیس سے نمائندگی ضروری ہو تو کی جائے۔
اس کانفرنس میں بعض مظلوم خواتین کو شوہر کی جانب سے طلاق اور خلع کے معاملے میں ستائے جانے کے واقعات کا بھی ذکر کیا گیا اور اس اہم مسئلہ پر بھی علماء کرام کے مشورہ سے کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس گول میز کانفرنس میں عزیز پاشاہ سابق ایم پی،علیم خان فلکی، الیاس ہاشمی، ڈاکٹر توفیق احمد، مفتی منظور احمد، امجداللہ خان خالد، مفتی غیاث رشادی، ذاراخان، معین الدین شرعی کونسل کے علاوہ تحفظ شریف کمیٹی،صوفی علمائے کونسل، شرعی فیصلہ بورڈ، جمیعۃ اہلحدیث کے بشمول کئی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔