شنکر پلی کے قریب دن دہاڑے ایک کار کو ٹکر مارکر 40 لاکھ روپئے لوٹ لیے گئے
فرار ہونے کے دوران لٹیروں کی کار اُلٹ گئی، نامعلوم سارق فرار،علاقہ میں سنسنی
حیدرآباد/وقارآباد: 12۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے مضافاتی ضلع رنگاریڈی کے شنکر پلی کے قریب آج جمعہ کے دن ایک تاجر کی کار کو پیچھے سے ٹکر مار کر اس میں حیدرآباد لے جائے جارہے 40 لاکھ روپئے لوٹ لئے جانے کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے۔ وہیں دن دہاڑے اس واردات کی انجام دہی کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں نامعلوم لٹیروں کی کار الٹ گئی جسے چھوڑ کر وہ فرار ہوگئے اس کار سے پولیس نے 8 لاکھ روپئے اور لوٹ میں استعمال کیے گئے ہتھیار پولیس نے ضبط کرلیے ہیں۔
آج ڈھائی بجے دن کے قریب پیش آئے اس فلمی طرز کےسنسنی خیز واقعہ کی تفصیلات پولیس کےمطابق وقار آبا کی جنتا اسٹیل شاپ سے تاجر 40 لاکھ روپئے بذریعہ کار حیدرآباد لے جا رہے تھے کہ چار نامعلوم لٹیروں نے اس کار کا تعاقب کرتے ہوئےشنکر پلی کے قریب موضع کوتہ پلی کے پاس ان تاجروں کی کار کو عقب سے ٹکر مار دی اور کار کے رکنے کےفوری بعد یہ چاروں لٹیرے کار پر حملہ آور ہوگئے، پتھروں سے کار کے شیشے توڑ کر کار میں موجود تاجر اور دیگر کو نقلی پستول سے دھمکاتے ہوئے کار سے رقم کا بیاگ لے کر اپنی کار میں سوار ہوکر فرار ہوگئے۔
اسی دوران وہاں سے فرار ہونے کی کوشش میں ان لٹیروں کی کار بے قابو ہوکر اُلٹ گئی لیکن کسی طرح وہ چاروں وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری جائے مقام پر پہنچ گئی اور ان لٹیروں کی کار سے ایک بیاگ جس میں 8 لاکھ روپئے موجود تھے (ایک اور اطلاع میں 15لاکھ روپئے بتائے جا رہے ہیں)، ایک چاقو، لال مرچ کا پاوڈر اپنی تحویل میں لے لیا۔اطلاع ہے کہ یہ لٹیرے انہی کی ایک اور کار میں وہاں سے فرار ہوئے ہیں! بتایا جا رہا ہےکہ یہ واردات منظم انداز میں انجام دی گئی ہے۔
اس سلسلہ میں پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات میں مصروف ہے اور نامعلوم چار لٹیروں کی تلاش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اس واقعہ کے بعد اضلاع وقارآباد اوررنگاریڈی کےمختلف مقامات سے کاروبار کے سلسلہ میں حیدرآباد جانے اور وہاں سے آنے والے،رقمی لین دین کرنے والے تاجرین میں سنسنی کی لہر دوڑ گئی ہے۔پولیس سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس واردات میں ملوث نامعلوم لٹیروں کو فوری گرفتار کیا جائے اور ساتھ ہی اس شاہراہ پر پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسی وارداتیں نہ ہونے پائیں۔