مرکزی وزیر کو برطرف کرنے اورلکھیم پور واقعہ کی منصفانہ عدالتی انکوائری :صدر جمہوریہ سے کانگریس کا مطالبہ

راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریسی قائدین کے وفد کی صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات
مرکزی وزیر کو برطرف کرنے اور لکھیم پور کھیری واقعہ کی منصفانہ عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

نئی دہلی :13۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

سابق صدر کل ہند کانگریس و رکن پارلیمان راہول گاندھی کی قیادت میں آج کانگریسی قائدین کے ایک وفد نے صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ اتر پردیش کےلکھیم پوری کھیری میں گاڑی کے ذریعہ کسانوں کو رؤندے جانے میں ملوث آشیش مشرا کے والد مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجئے شرما کو ان کے عہدہ سے برطرف کیا جائے اور اس معاملہ کی آزادانہ طورپر تحقیقات عمل میں لائی جائیں۔

یاد رہے کہ 3 اکتوبر کو لکھیم پور کھیری میں گاڑی کے ذریعہ راہ چلتے کسانوں کو عقب سے گاڑی سے رؤندے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

عینی شاہدین اور زخمیوں کا الزام ہے کہ اس معاملہ کے ذمہ دار مرکزی وزیر اجئے مشرا کے فرزند آشیش مشرا ہیں جنہیں اترپردیش پولیس گرفتار کرچکی ہے۔

اس معاملہ میں شروع سے ہی کانگریس،کسان قائدین اور مہلوک کسانوں کے خاندانوں کا مطالبہ ہے کہ اس واقعہ کے اہم ملزم آشیش مشرا کے والد مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجئے شرما کو فوری مودی کابینہ سے برطرف کیا جائے ان کا استدلال ہے کہ وہ اس عہدہ پر رہ کر تحقیقات پر اثر انداز ہوتے ہوئے اپنے بیٹے کوبچالیں گے اور انصاف کی فراہمی ناممکن ہوگی۔

” راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی صدر جمہوریہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے۔” (ویڈیوس)

صدرجمہوریہ سے ملاقات کرنے والے وفد میں راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا کے علاوہ کانگریس کے سینئر قائدین غلام نبی آزاد، اے کے انٹونی ،ملیکارجن کھڑگے،کے سی وینوگوپال، غلام نبی آزاد اور ادھیر رنجن چودھری شامل تھے

صدرجمہوریہ سے ملاقات کے بعد سابق صدر کل ہند کانگریس و رکن پارلیمان راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "جرم کے بعد جب حکومت اور انتظامیہ ناانصافی کرنا شروع کردے تو پھر آواز اٹھانا ضروری ہے۔لکھیم پور ناانصافی کیس میں ہمارے دو مطالبات ہیں "منصفانہ عدالتی انکوائری” اور”وزیرمملکت برائے داخلہ کی فوری برطرفی” تاکہ انصاف ہو!”۔

صدر جمہوریہ سے ملاقات کے بعد جنرل سیکریٹری کانگریس و انچارج اترپردیش پرینکا گاندھی واڈرا جنہوں نے کل اتر پر دیش کےلکھیم پور کھیری کے واقعہ والے مقام پر مہلوک کسانوں لیے منعقدہ دعائیہ اجتماع میں شریک تھیں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہلوک کسانوں کے افراد خاندان کا خیال ہے کہ جب تک اس واقعہ کے اہم ملزم آشیش مشرا کے والد اجئے مشرا اس عہدے پر رہیں گے انہیں انصاف حاصل نہیں ہوسکتا۔

پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ اترپردیش کے عوام اور ملک کے تمام درست سوچ رکھنے والے لوگوں کا بھی مطالبہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کانگریسی وفد کو تیقن دیا ہے کہ وہ اس معاملہ میں مرکزی حکومت سے مشورہ کریں گے۔

جبکہ راہول گاندھی نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے دو موجودہ ججوں کو لکھیم پور واقعہ کی تحقیقات کرنی چاہیے اور قتل کرنے والوں کو سزا دی جانی چاہئے۔راہول گاندھی نے میڈیا سے کہا کہ انہوں نے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو بتایا کہ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجئے شرما کو لکھیم پور تشدد کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے استعفیٰ دینا چاہیے کیونکہ ان کا بیٹا ملزم ہے۔

کانگریس کے سینئر قائدین پرمشتمل اس وفد نے صدر جمہوریہ کو لکھیم پور کھیری واقعہ کے بارے میں حقائق اور اپنے مطالبات پرمشتمل یادداشت بھی پیش کی۔

جس میں لکھا گیا ہے اس واقعہ نے ہندوستان کی روح کو داغ دیا ہے۔دن کی روشنی میں کسانوں کے قتل کی اس دانستہ حرکت میں ریاستی اور مرکزی حکومتوں کے غیر سنجیدہ رد عمل کے بعد،ان مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے ذمہ داروں پر لوگوں کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔