چیف منسٹر پنجاب امریندرسنگھ نے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا

چیف منسٹر پنجاب امریندرسنگھ نے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا

چندی گڑھ:18۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

کانگریس پارٹی کو آج اس وقت شدید جھٹکا لگا جب چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندرسنگھ نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔

اس سلسلہ میں ان کے فرزند رانیندرسنگھ نے آج شام ساڑھے چار بجے ٹوئٹ کرتے ہوئے ایک تصویر پوسٹ کی ہے اور لکھا ہے کہ میرے والد نے آج ہفتہ کو ریاستی گورنر بنواری لال پروہت سے ملاقات کرکے اپنے استعفیٰ کا مکتوب حوالے کردیا ہے۔

پنجاب میں اندرون چار ماہ ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات سے قبل چیف منسٹر کیپٹن امریندرسنگھ کے استعفیٰ سے کانگریس پارٹی بحران کا شکار ہوگئی ہے۔

اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے کے بعد کیپٹن امریندرسنگھ نے ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس عہدہ پر ہنوز موجود رہنے سے انہیں اپنی بے عزتی محسوس ہورہی تھی۔

کیپٹن امریندر سنگھ کے استعفیٰ سے قبل کانگریس نے چندی گڑھ میں ایک قانون ساز پارٹی کا اجلاس طلب کیا تھا جب ریاست کے 50 سے زیادہ پارٹی کے ارکان اسمبلی نے پارٹی صدر سونیا گاندھی کو لکھا تھا کہ چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ کو عہدہ سے ہٹایا جائے۔

اس اجلاس میں کانگریس پارٹی کے مبصرین اجے ماکن اور ہریش چودھری کے ساتھ پارٹی کے ریاستی انچارج ہریش راوت نے شرکت کی۔

117 رکنی پنجاب اسمبلی میں کانگریس کے 80 ارکان اسمبلی ہیں۔

اپنے استعفیٰ کے بعد کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ وہ فی الحال کانگریس میں ہی ہیں تاہم اپنے حامیوں سے مشورہ کے بعد مستقبل کا لائحہ عمل طئے کریں گے! کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ کانگریس جس کسی پر بھروسہ ہو اس کو چیف منسٹر پنجاب کی حیثیت سے منتخب کرلے۔

چیف منسٹر پنجاب کی حیثیت سے استعفیٰ دینے کے بعد کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا کہ وہ کانگریس صدر سے کہہ چکے تھے کہ وہ اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا پارٹی ہائی کمان کو شبہ تھا کہ میں حکومت نہیں چلاسکتا! 

یاد رہے کہ کئی دنوں سے پنجاب کانگریس میں چیف منسٹر کیپٹن امریندرسنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو کے گروپس کے درمیان خلفشار واضح تھی۔

بعدازاں نوجوت سنگھ سدھو کو پنجاب کانگریس کا صدر بنایا گیا تھا تاہم اس کے بعد بھی ان دونوں میں اختلافات کے مناظر وقفہ وقفہ سے سامنے آتے رہے ہیں۔

دیکھنا ہے کہ چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندرسنگھ کے اس اچانک اقدام کے بعد شدید بحران کا شکار کانگریس کیا قدم اٹھاتی ہے؟ ایسا مانا جاتا ہے کہ 2016 میں منعقدہ پنجاب اسمبلی انتخابات میں کیپٹن امریندر سنگھ نے پنجاب میں کانگریس کو دوبارہ برسراقتدار لانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔