تلنگانہ کے آصف آباد ضلع میں 15 لاکھ روپئے مالیتی ٹماٹر سے لدی اُلٹنے والی لاری کو پولیس تحفظ

تلنگانہ کے آصف آباد ضلع میں 15 لاکھ روپئے مالیتی ٹماٹر سے لدی اُلٹنے والی لاری کو پولیس تحفظ
ٹماٹر کی مہنگائی کے لیے میاں مسلم ذمہ دار : چیف منسٹر آسام
مہنگے ہوگئے ہیں تو ٹماٹر کھانا چھوڑ دیں : اتر پردیش کی وزیر کا مشورہ

حیدرآباد: 24۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)

گذشتہ چند دنوں سے ٹماٹرکی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔عام آدمی کی دسترس سے اب ٹماٹر باہر ہوچکا ہے۔جبکہ ہر پکوان کےلیے ٹماٹر لازمی ہوتا ہے۔ٹماٹر کی آسمان چھوتی قیمتوں کےدرمیان کہیں سے اس کی چوری کی اطلاع موصول ہورہی ہے تو کہیں سے کسان کے قتل اور ٹماٹر لوٹ لینے کی اطلاع،تو ہکوان میں دو ٹماٹر ڈالنےسے برہم بیوی کے گھر چھوڑکر جانے کی اطلاع بھی ریاست بہارسے آچکی ہے۔جاریہ ماہ کے آغاز سے ہی ٹماٹر 150 روپئے تا 250 روپئے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

اچھے دنوں کی امید دلانےوالی بی جے پی سےتعلق رکھنے والے چیف منسٹر آسام ہیمانتا بسواشرمانے اپنی کوتاہ ذہنی اور فرقہ وارانہ ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئےکہاتھا کہ” ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ کےلیے میاں مسلم ذمہ دار ہیں۔!!”جس کی ہر طرف سے شدید مذمت کی گئی تھی کہ اپنی نااہلی ،ناکامیوں اور کمزوریوں کو چھپانےکےلیے ان کےلیے اس ملک کامسلمان ایک پسندیدہ اورمصیبتوں سے باہر نکالنے والامسیحا بن کر رہ گیا ہے۔کئی سوشل میڈیا صارفین نے تو چیف منسٹر کی ذاتیات پر بھی شدید حملہ کیا تھا۔!!

وہیں کل اسی بی جے پی کی اتر پردیش کی وزیر مملکت برائے بہبود خواتین و بچوں کی غذائیت پرتیبھا شکلا نےعوام کو مشورہ دیا ہے کہ اگر ملک میں مہنگائی کے درمیان سبزیوں کی قیمت ناقابل برداشت لگے تو لوگ ٹماٹر کھانا چھوڑ دیں یا گھر میں اگانا شروع کر دیں۔جس پر سوشل میڈیا پر ان کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔کئی صارفین نےلکھا کہ ٹماٹر اور دیگر اشیاء کی مہنگائی پر محترمہ نے یہ مشورہ دیا ہےشکر ہے کہ اس ملک کے عوام نے کپڑے مہنگے ہوجانے کی شکایت نہیں کی۔!!

ایسے میں ریاست تلنگانہ کے کومرم بھیم آصف آباد سے موصولہ اطلاع کے مطابق ٹماٹر سے لدی ہوئی ایک لاری کے الٹ جانے کےفوری بعد مقامی پولیس نے اس لاری کو اپنے حصار میں لیتے ہوئے ان ٹماٹروں کا تحفظ کیا۔

تفصیلات کے مطابق کومرم بھیم آصف آباد کے وینکڈی منڈل کے بینڈارا گاؤں میں کل اتوار کی شام ایک ٹماٹر سے لدی ہوئی لاری کے الٹ جانے کے بعد سڑک پر بکھرے ہوئے ٹماٹروں کی چوری کو روکنے کےلیے پولیس نے سیکورٹی فراہم کی۔یہ لاری 15 لاکھ روپے مالیتی ٹماٹر لے کر کرناٹک کے کولار سے نئی دہلی جا رہی تھی۔

سب انسپکٹر آف پولیس وانکیڈی ڈی۔ ساگر نےبتایا کہ ٹماٹروں کو پانچ گھنٹے تک مقامی لوگوں کی جانب سے لوٹ لیے جانے کو روکنے کی غرض سے لاری کے قریب دو پولس جوانوں کو تعینات کیاگیا تھا۔پولیس کانسٹیبلس کو کل شام 6 بجے جائے حادثہ پر بھیجا گیا تھا جو نصف شب تک گاڑی میں ٹماٹروں کو دوبارہ لوڈ کرنے کے بعد واپس آ گئے۔

اطلاعات کےمطابق چند مقامی افراد نے ان ٹماٹروں کو چوری کرنے کی کوشش کی لیکن جائے حادثہ پر پولیس کی موجودگی کو دیکھتے ہوئے وہ اس حرکت میں کامیاب نہ ہوسکے۔پلاسٹک کی ٹرے میں بھرے ہوئے ٹماٹر سڑک پربکھرے پڑے ہوئے تھے،جن پر بہت سےلوگوں کی توجہ مبذول ہوئی۔تاہم چوکس لاری ڈرائیور جس کو حادثے میں معمولی چوٹیں آئیں مقامی پولیس کو فون کرنے میں کامیاب ہو گیا اور ٹماٹروں کے تحفظ کے لیے پولیس کی مدد طلب کی۔

یاد رہے کہ 15 جولائی کو بھی کولار سے نئی دہلی 22 لاکھ روپئے مالیتی ٹماٹر لےجانےوالی ایک اور لاری عادل آباد کے ماوالا منڈل سنٹر میں الٹ گئی تھی اور چار پولس ملازمین نے 12 گھنٹے تک اس لاری اور ٹماٹروں کوتحفظ فراہم کیا تھا۔

وہیں جاریہ ماہ کرناٹک میں ٹماٹروں سے بھرے ہوئے ایک ٹرک کا اغواء کرلیا گیا تھا۔ٹرک میں دو ٹن ٹماٹر لدے ہوئے تھے۔جن کی قیمت 3 لاکھ روپے بتائی گئی تھی۔پولیس نے بتایاتھاکہ 8 جولائی کو چترادرگ ضلع کے ہیر پورموضع کا کسان ملیش ٹماٹرلے کر انہیں فروخت کی غرض سے کولار کی مارکیٹ لے جا رہا تھا۔راستے میں ان کا ٹرک ایک کار سے ٹکرا گیا۔اور گاڑی کا شیشہ ٹوٹ گیا۔کار میں سوارافراد نے کسان اور ڈرائیور کو روکا اور دونوں کو زدو کوب کرتے ہوئے معاوضہ کے طور پر بڑی رقم طلب کی اور لاری لے کر فرار ہوگئے تھے۔

بعدازاں کرناٹک پولیس نے بنگلورو میں ان 2000 کلو ٹماٹروں سے لدے ٹرک کو لوٹنےکےالزام میں ایک جوڑے کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت بھاسکر اور اس کی بیوی سندھوجاکے طور پر ہوئی۔جو ویلور،تمل ناڈوکےساکن ہیں۔اس معاملہ کے دیگر تین ملزم راکی،کمار اور مہیش مفرور ہیں۔