حیدرآباد کی 81 ویں سالانہ صنعتی نمائش
پولیس اور محکمہ صحت کی سفارش کے بعد 10 جنوری تک بند کردینے کا اعلان
حیدرآباد: 02۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کے نامپلی میں ہر سال نئے سال کے آغاز سے شروع ہونے والی سالانہ صنعتی نمائش ملک اور ریاست تلنگانہ میں بڑھتے کورونا وائرس اور اومیکرون کے معاملات کے پیش نظر تلنگانہ کے محکمہ صحت اور حیدرآباد سٹی پولیس کی سفارش اور مشورہ پر منتظمین نمائش سوسائٹی کی جانب سے 10 جنوری تک بند کردینے کا آج رات دیر گئے اعلان کیا گیا ہے۔
ملک اور بیرون ملک میں مشہور حیدرآباد کی اس 81 ویں سالانہ صنعتی نمائش کا کل یکم جنوری کو ریاستی گورنر محترمہ تملسائی سؤندر راجن نے افتتاح انجام دیا تھا۔
یہ صنعتی نمائش ہر سال یکم جنوری تا 15 فروری منعقد ہوتی ہے۔جس میں ملک کے مختلف مقامات کے تاجرین، تیارکنندگان اور بیوپاری اپنی مختلف اشیاء کی دُکانات لگاتے ہیں۔وہیں بچوں اور تمام عمر کے افراد کے لیے حیدرآباد کی یہ صنعتی نمائش برسوں سے خرید و فروخت اور تفریح کا ایک بہترین ذریعہ ہوتی ہے۔