نارائن ریڈی نے کلکٹر وقارآباد ضلع کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا،صاف و شفاف انتظامیہ اور سرکاری اسکیمات پرمکمل عمل آوری کاعزم

نارائن ریڈی نے کلکٹر وقار آباد ضلع کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا
صاف و شفاف انتظامیہ اور سرکاری اسکیمات پر مکمل عمل آوری کاعزم
اسپیشل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سے خیر سگالی ملاقات

وقارآباد : 02۔فروری (سحر نیوز ڈاٹ کام)

مسٹر نارائن ریڈی آئی اے ایس نے آج جمعرات کوساڑھے دس بجے دن بحیثیت کلکٹر ومجسٹریٹ وقارآباد ضلع اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔

دو دن قبل حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے جن 15 آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلوں کے احکام جاری کیےگئےتھے ان میں کلکٹر ضلع وقار آباد محترمہ کے۔نکھیلا آئی اے ایس بھی شامل تھیں۔ضلع کلکٹر وقارآباد نارائن ریڈی کا تعلق 2015ء کے آئی اے ایس کیڈر سے ہے اور وہ بحیثیت ضلع کلکٹر نظام آباد خدمات انجام دے رہے تھے۔

دفتر کلکٹریٹ وقار آباد پہنچنے پرمتعلقہ عہدیداروں نےمسٹر نارائن ریڈی کا خیرمقدم کیا اور انہیں گلدستے پیش کرتے ہوئے ان کی شال پوشی کی۔بعدازاں اپنے چیمبر میں انہوں اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔

اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنےکے بعد کلکٹر ومجسٹریٹ ضلع وقار آباد مسٹر نارائن ریڈی آئی اے ایس نےمیڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع وقارآباد کی ترقی اور ضلع کے عوام کو صاف و شفاف انتظامیہ کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور ساتھ ہی عوامی نمائندوں اور ماتحت عہدیداروں کے تعاون سےضلع میں تمام سرکاری اسکیمات کا مکمل نفاذ، ان پر بہتر طریقہ سے عمل آوری ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ہرمستحق تک حکومت کی اسکیمات پہنچائی جائیں گی اور عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر ضلع کلکٹر وقار آباد نارائن ریڈی نے کہاکہ جاریہ سال ہونےوالے ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے غیر جانبدار اور پرامن انعقاد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر راہل شرما اور آر ڈی او تانڈور اشوک کمار کےعلاوہ متعلقہ عہدیدارموجود تھے۔

اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد ضلع کلکٹر وقار آباد نارائن ریڈی نے اسپیشل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مسٹر کے۔سدرشن کے دفتر پہنچ کر ان سے خیرسگالی ملاقات کی۔اس موقع پرسینئر سول جج محترمہ شیتل،پرنسپل سینئرسول جج سری کانت کےعلاوہ ایڈیشنل کلکٹر راہل شرما،اسسٹنٹ ٹرینی کلکٹر سنچت گنگوار اور دیگر موجود تھے۔