مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی دوسری میعاد کیلئے بلا مقابلہ اور بااتفاق آراء صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد منتخب

ضلعی خبریں

مولانا محمدعبداللہ اظہر قاسمی دوسری میعاد کیلئے بلا مقابلہ اور بااتفاق آراء صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد منتخب

تانڈور۔20 مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)

جناب حافظ پیر شبیر احمد ریاستی صدر جمعیۃ علماء کی ہدایت پر آج جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کا ضلعی انتخاب عمل میں آیا جس میں بحیثیت مبصر حافظ پیر خلیق احمد صابرجنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا نے شرکت کی۔اس موقع پر حافظ پیر خلیق احمد صابر نے جمعیۃ علماء کی خدمات ، موجودہ دؤر میں اس کی ضرورت ، اہمیت اور افادیت کیساتھ ساتھ جمعیۃ علماء کے انتخابی طریقہ کار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

قبل ازیں صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے اپنی دو سالہ میعاد کے دؤران انجام دی گئیں مذہبی ، رفاہی اور سماجی خدمات کی تفصیلات پیش کیں۔

بعد ازاں انتخابی عمل کا آغاز ہوا اور جمعیتہ علماء ضلع وقارآباد کے اراکین نے عہدئہ صدارت کے لیے متفقہ طور پر مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی کے نام کی سفارش کی جس کے بعد مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی کا تین سالہ میعاد کیلئے دوسری مرتبہ بحیثیت صدر جمعیتہ علماء ضلع وقارآباد بلا مقابلہ اور بااتفاق آراء انتخاب عمل میں لایا گیا۔

وہیں نائب صدور کی حیثیت سے مولانا محمد علیم الدین تعلیمی بورڈ وقارآباد ، مولانا محمد عبدالباسط رشادی کوڑنگل ،ڈاکٹر حافظ عبدالسلام اورمولانا عبدالباسط رشادی کا انتخاب عمل میں آیا۔جبکہ بحیثیت سیکریٹری حافظ محمد رئیس الدین کا ، جوائنٹ سیکریٹری کی حیثیت سے مفتی محمد زین الدین زعیم قاسمی وقارآباد اور مولانا محمد نصیرالدین قاسمی کو خازن کی حیثیت سے منتخب کیا گیا اور دیگر عہدیداروں اور اراکین کے انتخاب کی ذمہ داری نومنتخب صدر ر جمعیتہ علماء ضلع وقارآبادمولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی کو سونپ دی گئی۔

اس موقع پر ضلع وقارآباد کے تمام تعلقہ جات اور منڈلات کے اراکین منتظمہ اور دیگر اراکین جمعیۃ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

بحیثیت صدر جمعیتہ علماء ضلع وقارآباد اپنے انتخاب کے بعد مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے اس عزم کا اظہارکیا کہ آئندہ میعاد میں پورے ضلع میں مکاتب کے نظام کو وسیع اور مضبوط کیا جائیگا تاکہ معصوم بچوں کو بنیادی اسلامی تعلیم سے روشناس کرایا جائے اور جدید عصری تعلیم کے ممکنہ مضرات سے بچایا جاسکے۔

نیز جمعیۃ اوپن اسکول کے تحت مدارس میں تعلیم پانے والے طلباء،حفاظ،علماء اور مختلف وجوہات سے تعلیم کو منقطع کرنے بچوں کو ایس ایس سی امتحانات دلانے کے انتظامات کا اعلان کرتے ہوئے مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے کہا کہ مدارس کے طلباء عصری میدان میں بھی حکومت کے نزدیک مسلمہ لیاقت کے حامل قرار پائیں اور غریب مسلم بچے دسویں جماعت کی ڈگری کے بل بوتے پر حکومت کی مختلف اسکیمات سے استفادہ حاصل کرسکیں۔