وقار آباد ضلع: رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی شکایت کے بعد تینوں بی جے پی ایجنٹس پر کیس درج، ارکان اسمبلی کی خریدی کی کوشش شرمناک

رکن اسمبلی تانڈور روہت ریڈی کی شکایت کے بعد تینوں بی جے پی ایجنٹس کے خلاف کیس درج
ارکان اسمبلی کی خریدی کی کوشش شرمناک، تانڈور میں ٹی آر ایس کا احتجاج
مخالف وزیراعظم و بی جے پی نعرے،علامتی پتلے نذرآتش، بی جے پی کا بھی احتجاج

وقارآباد/تانڈور: 27۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کےمضافاتی ضلع رنگاریڈی کےمعین آباد منڈل کےعزیز نگر میں موجود پی وی آر فارم ہاوز میں گزشتہ رات بی جے پی کی جانب سےٹی آر ایس پارٹی کے چار ارکان اسمبلی جن میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کے علاوہ ارکان اسمبلی بیرم ہرش وردھن ریڈی کولہا پور،گوالا بال راجو،اچم پیٹ اور ریگا کانتاراو شامل ہیں کی خریدی اور بی جے پی میں شمولیت کا پردہ اس وقت فاش ہوا تھا جب کمشنر پولیس،سائبر آباد پولیس کمشنریٹ مسٹر اسٹیفن رویندرا کی قیادت میں دھاوہ منظم کرتے ہوئے تین افراد کو تحویل میں لیا گیا تھا۔اور اطلاع آئی تھی کہ اس موقع پر پولیس نے 15 کروڑ روپئے بھی ضبط کیے ہیں۔

ٹی آر ایس پارٹی قائدین کےمطابق بی جے پی کی جانب سے ان چاروں ارکان اسمبلی کو 100 کروڑ روپئےاورمختلف سرکاری کنٹراکٹ دینے کا لالچ دیا گیا تھا۔!!

رکن اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی کی ملکیت اس پی وی آر فارم ہاوز پرعین وقت پرکمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر اسٹیفن رویندرا کی قیادت میں پولیس کی ٹیم نے دھاوہ منظم کرتے ہوئے اس واقعہ کا پردہ فاش کیا تھا۔کمشنر پولیس،سائبرآباد کمشنریٹ اسٹیفن رویندرا نے اس دھاوے کے بعد میڈیا کو بتایا تھاکہ ٹی آر ایس کے مذکورہ ارکان اسمبلی نے پولیس کواطلاع دی تھی کہ انہیں رقم اور کنٹراکٹ دئیے جانے کا پیشکش کیا جارہا ہے۔

اس اطلاع کےبعد پولیس نے عزیر نگر،معین آباد کے فارم ہاوز پر دھاوہ منظم کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔جن میں رام چندرا بھارتی، عرف ستیش شرما،جو کہ فرید آباد کا متوطن ہے۔تروپتی سے آئےہوئے سوامی سمہاجیولو اور حیدرآباد کے ساکن نند بھارتی موجود تھے۔کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر اسٹیفن رویندرا نے کہا کہ اس معاملہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

بعدازاں معین آباد پولیس نےرکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی تحریری شکایت کےبعدتحویل میں لیےگئےمذکورہ تینوں افراد جن کا بی جے پی سے ربط وضبط بتایاجارہا ہےکےخلاف کرائم نمبر 455/2022کے ذریعہ انڈین پینل کوڈ کی دفعات 120Bِ،170Bِ،rw 171Eِ،rw 506 ،34rw۔سیکشن 8 رشوت ستانی کی روک تھام کی دفعات کےتحت ایف آئی درج کرلی گئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے رام چندرا بھارتی،عرف ستیش شرما سے رات میں ہی اسی فارم ہاؤز میں تفتیش کی جبکہ دیگر دو سے راجندر نگر پولیس اسٹیشن میں تفتیش کی گئی۔!!

اس واقعہ کے بعد مرکزی وزیر جی۔کشن ریڈی سمیت ریاستی بی جے پی قائدین اس معاملہ سے اپنا پلہ جھاڑتےہوئے اس پورے واقعہ کو ٹی آر ایس کا ایک ڈرامہ قرار دیا ہے۔

آج اس معاملہ کو بی جے پی کے ریاستی قائدین نےتلنگانہ ہائی کورٹ سےرجوع کیاہے۔جس میں کل رات کے واقعہ کی سی بی آئی سمیت مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کےذریعہ تحقیقات کا حکم دینے کی درخواست کی ہے۔بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری جی پریمندر ریڈی کی جانب سے دائر کی گئی ایک درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ریاستی پولیس کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات بی جے پی کے قائدین کو پھنسانے اور حکمراں پارٹی کے کہنے پر اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے واحد مقصد سے کی جارہی ہے۔

وہیں ارکان اسمبلی کی خریدی کا پردہ فاش ہونے کے بعد سے ریاست تلنگانہ میں بی جے پی کےخلاف ٹی آر ایس پارٹی کے ریاستی وزرا، ارکان پارلیمان،ارکان قانون ساز کونسل،ارکان اسمبلی،قائدین اور کارکن شدیداحتجاج میں مصروف ہیں۔

ان کا الزام ہے کہ بی جے پی ٹی آر ایس پارٹی کے ارکان اسمبلی کو کروڑوں روپیوں کا لالچ دیتے ہوئے انہیں بی جے پی میں شامل ہونے کی پیشکش کے ذریعہ ٹی آرایس کو کمزور کرنے کی کوشش میں مصروف ہے جیسا کہ ملک کی دیگر ریاستوں میں کیا گیا۔!!

اس سلسلہ میں آج وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن کے امبیڈکرچوک پر صدر ٹاؤن ٹی آرایس ایم اےنعیم افو کی قیادت میں بی جے پی کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا،مخالف وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی نعرے لگائے اور ان دونوں کے علامتی پتلے نذرآتش کیے گئے۔

اس موقع پر ایم اے نعیم افو،صدرضلع لائبرریز راجو گوڑ،نائب صدرنشین بلدیہ تانڈور پٹلولا دیپا نرسملو اور دیگر ٹی آر ایس پارٹی قائدین نے بات کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی اپنی اس شرمناک اور قابل مذمت حرکت کےذریعہ ریاست تلنگانہ کےامن و امان کو مکدر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

ان ٹی آرایس قائدین نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی اور وزیراعلیٰ کے سی آر کی بڑھتی شہرت سے پریشان ہوکر بی جے پی ایسی حرکتوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ کروڑوں کی پیشکش کے باوجود ٹی آر ایس کےان چار ارکان اسمبلی نے بی جے پی کا پردہ فاش کیا ہے۔

ان پارٹی قائدین نے کہا کہ بی جے پی کےاس کھیل کاپردہ فاش کرنے میں رکن اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی نے اہم رول ادا کیا۔جس کی ہر طرف سے ستائش ہورہی ہے۔اس موقع پر ٹی آرایس پارٹی قائدین نے رکن اسمبلی کی تصویر کو دودھ سے نہلایا۔

قدیم تانڈور میں بھی بی جے پی کےخلاف ایساہی احتجاج مننظم کیا گیا۔اس احتجاج میں ٹی آرایس ارکان بلدیہ مختاراحمد ناز،محمد آصف،وجیہ دیوی ، راگھویندرکے علاوہ صدرنشین اردو گھر وشادی خانہ عبدالرزاق،سرینواس چاری،پٹلولا نرسملو،ہری گوڑ،سنتوش گوڑ،سرینواس،گوپال ایڈوکیٹ،بنٹارام سدھاکر،عبدالصمد،معزخان،وینکٹ ریڈی،سنجیواراو، اور گنڈپا کے علاوہ دیگر ٹی آر ایس پارٹی قائدین اور کارکن شریک تھے۔

" کل رات معین آباد کے فارم ہاؤز میں پیش آئے واقعہ کا ویڈیو اور مکمل تفصیلات اس لنک پر ” :- 

تلنگانہ میں ٹی آر ایس پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کو خریدنے کا پردہ فاش!،گرفتار شدہ تین افراد کا بی جے پی سے تعلق! ٹی آر ایس کا الزام

دوسری جانب بی جے پی کی جانب سے ٹی آر ایس پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کو خریدے جانے کے واقعہ کی اطلاعات کو مکمل ایک ڈرامہ قرار دیتے ہوئے تانڈور کے امبیڈکر چوک پر ہی جنرل سیکریٹری بی جے پی ضلع وقارآباد یو۔رمیش کمار کی قیادت میں بی جے پی نے بھی احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے سی آر کا پتلا نذرآتش کیا اورساتھ ہی وزیراعلیٰ اور رکن اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی کےخلاف نعرہ لگائے گئے۔

اس موقع پر بات کرتےہوئےجنرل سیکریٹری بی جے پی ضلع وقارآباد یو۔رمیش کمار نےکہاکہ منوگوڑو اسمبلی حلقہ میں ہونےجارہے ضمنی انتخابات میں شکست کے خوف سے ٹی آر ایس پارٹی نے یہ سارا ڈرامہ رچاہے۔انہوں نےکہا کہ بی جے پی کو بدنام کرنے کا یہ منصوبہ پرگتی بھون میں تیار کیا گیا تھا۔

رمیش کمارنے کہاکہ چند تنازعات کاسامنا کررہے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے وزیراعلیٰ کے سی آر کی توجہ حاصل کرنے کی غرض سے یہ سارا ہائی ڈرامہ کیاہے۔جنرل سیکریٹری بی جے پی ضلع وقارآباد یو۔رمیش کمار نے مطالبہ کیا کہ جو الزامات بی جے پی پر عائد کیے گئے ہیں انہیں ثابت کرکے دکھایا جائے۔اس احتجاج میں صدر ٹاؤن بی جے پی سدرشن گوڑ، فلورلیڈر بلدیہ انتارام للیتا،ارکان بلدیہ ساہو شری لتا،لاونیا، سیکریٹری ضلع بی جے پی بنٹارام بھدریشور،نائب صدر ہنمنتو مدیراج کے علاوہ دیگر بی جے پی قائدین اور کارکن شامل تھے۔

وہیں آج رات دیر گئے موصولہ اطلاعات کے مطابق اینٹی کرپشن بیورو کی عدالت نے فارم ہاوز سے گرفتار کیے گئے تینوں افرادکو عدالتی تحویل میں روانہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ درکار ثبوت و شواہد موجود نہیں ہیں۔اور رشوت ستانی کی روک تھام کی دفعات اس کیس پر لاگو نہیں ہوتیں۔معزز  جج نے پولیس کو حکم دیا کہ سی آر پی سی 41 کے تحت نوٹس دیتے ہوئے گرفتار شدگان سے تفتیش کی جائے۔!!

 

" فارم ہاؤز واقعہ پر مرکزی وزیر سیاحت جی۔کشن ریڈی کا بیان ”