ایم ایل سی انتخابات کیلئے رائے دہی کل،وقارآبادضلع میں دفعہ 144 نافذ رہے گا
ضلع کے 25,958 گرائجویٹ رائے دہندے 38؍ مراکز پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ، پولیس کےسخت انتظامات
وقارآباد/ تانڈور۔13۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی حیدرآباد،محبوب نگر اور رنگاریڈی کے لئے کل 14 مارچ، بروز اتوار ہونے والی رائے دہی کیلئے ضلع وقارآباد میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
اس سلسلہ میں آج الیکشن آبزرور ہری پریت سنگھ ،کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو ، ایس پی ضلع وقارآباد ایم۔ نارائنا نے وقارآباد کے گرلز ہائی اسکول میں قائم کئے گیے انتخابی اشیاء کے ڈسٹری بیوشن سنٹر کا دؤرہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا اورمتعلقہ عہدیداروں کو مختلف ہدایات دیں۔

بعد ازاں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے کہا کہ کل ایم ایل سی حلقہ گرائجویٹ حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر کیلئے ہونے والی رائے دہی کیلئے تمام انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ہے۔
ضلع کلکٹر نے بتایا کہ ضلع وقارآباد کے تمام 18؍منڈلات میں جملہ 38؍ مراکز رائے دہی قائم کئے گئے ہیں جہاں ضلع میں موجود 25.958 گرائجویٹ رائے دہندے آج ہونے والی رائے دہی میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے اور ہر مرکز رائے دہی سے ویب کاسٹنگ کا نظم ہوگا 8؍بجے صبح تا شام 4؍بجے رائے دہی منعقد ہوگی۔

کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے بتایا کہ حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی حیدرآباد،محبوب نگر اور رنگاریڈی سے جملہ 93؍امیدوارمقابلہ کررہے ہیں اس لئے جمبو بیلٹ پیپر اور بیلٹ باکس کا نتظام کیا گیا ہے۔ضلع کلکٹر نے انتخابی عملہ کو ہدایت دی کہ وقت سے قبل مراکز رائے دہی پہنچ کر 8؍بجے صبح سے رائے دہی کا آغاز کردیا جائے۔
ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے رائے دہندگان سے کہا ہے کہ رائے دہی کے کیلئے مرکز رائے دہی میں جو قلم انتخابی عہدیدارفراہم کرتے ہیں اسی قلم سے رائے دہی کے موقع پر امیدوار وں کے حق میں نشاندہی کریں انہوں نے کہا کہ اس سے ہٹ کر کسی اور قلم سے کی گئی نشاندہی والا ووٹ ضائع ہوگا۔اورٹھیک شام چار بجے تک قطاروں میں کھڑے ہوئے رائے دہندگان کو ہی تاخیر کے باؤجود ووٹ دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر ایم۔ نارائنا میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے۔
ایس پی ضلع وقارآباد نارائنا نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کلکٹر و ضلعی انتخابی عہدیدار پوسومی باسو کی ہدایت پر رائے دہی کے پیش نظر آج 14 مارچ کو ضلع میں دفعہ 144 نافذالعمل رہے گا انہوں نے کہا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔
ضلع ایس پی نے کہا کہ ضلع کے 9؍روٹس پرموبائل آفیسر کا تقرر کیا گیا ہے جو بیلٹ باکس کو مراکز رائے دہی تک اور پھر رائے دہی کے بعد ان بیلٹ باکس کو سرور نگراسٹیڈیم کے اسٹرانگ روم تک بحفاظت پہنچائیں گے۔

ضلع ایس پی نے کہا کہ مرکز رائے دہی میں موبائل فون،پانی کی بوتل، سگریٹ کی ڈبیہ ، ماچس، سگار یا کسی اور شئے کو لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی اسکے لئے سخت جانچ کی جائے گی ہر مرکز رائے دہی پر سخت پولیس بندوبست کیا جائے گا اور کسی کو بھی مجمع کی شکل میں جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ جات وقارآباد ، تانڈور ، پرگی اور کوڑنگل کے بشمول 18؍منڈلات میں جملہ 25.958 گرائجویٹ رائے دہندے موجود ہیں۔ جن میں 18,099 مرد رائے دہندے ، 7,856 خاتون رائے دہندے اور تین رائے دہندگان کا تعلق تیسری صنف سے ہے۔
تانڈور ڈویثرن میں جملہ8,935؍رائے دہندگان میں 6,094؍مرد ، 2,839؍ خاتون اور دو تیسری صنف کے رائے دہندے موجود ہیں۔
جبکہ وقارآباد ڈویثرن میں جملہ 17,023؍رائے دہندے موجود ہیں ان میں سے 12,005؍مرد، 5.017؍ خاتو ن اورایک رائے دہندہ کا تعلق تیسری صنف سے ہے