تلنگانہ ہائیکورٹ کے جسٹس نگیش بھیما پاکا کے ہاتھوں تانڈور میں ایڈیشنل کورٹ کا افتتاح، تمام سہولتوں کی فراہمی کا تیقن، تقریب سے خطاب

تلنگانہ ہائیکورٹ کے جسٹس نگیش بھیما پاکا کے ہاتھوں تانڈور میں
ایڈیشنل کورٹ کا افتتاح، تمام سہولتوں کی فراہمی کا تیقن، تقریب سے خطاب

وقارآباد/تانڈور: 10۔نومبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

تلنگانہ ہائی کورٹ کے معزز جسٹس نگیش بھیماپاکا نے کہاہے کہ ججس عدالت میں زیر التواء مقدمات کی جلد اور فوری یکسوئی کےاقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تانڈور کی عدالت کو تمام ضروری اور بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

معزز جسٹس بھیما پاکا نگیش نے بحیثیت مہمان خصوصی آج اتوار کو وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں ایڈیشنل کورٹ کا وقارآباد ضلع کورٹ کے معزز جج ڈاکٹر سونم سرینواس ریڈی کیساتھ مل کر افتتاح انجام دیا۔ قبل ازیں معزز جسٹس بھیما پاکا نگیش کا شاندار استقبال کیا گیا۔

بعد ازاں ونائیکا فنکشن ہال میں منعقدہ تقریب سےخطاب کرتےہوئے تلنگانہ ہائیکورٹ کے معزز جسٹس بھیما پاکا نگیش نے کہا کہ ملک کی عدالتوں میں مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے انہوں نے انکشاف کیا کہ ملک کی عدالتوں میں زیر سماعت موجودہ مقدمات کی یکسوئی کےلیے 33 سال لگ جائیں گے۔

تلنگانہ ہائیکورٹ کے معزز جسٹس بھیما پاک نگیش نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی اور رشتوں کے تعلقات میں زوال کے باعث خود اپنے قریبی لوگوں کیخلاف کیس اور مقدمات درج کروائے جانے کے کئی مواقع پیش آئے ہیں۔

معزز جسٹس نے ججس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ مقدمات کی جلد یکسوئی کو یقینی بنائیں انہوں نے تیقن دیا کہ تانڈور کے ایڈیشنل کورٹ اور سب کورٹ میں زیرالتواء مقدمات کی جلد یکسوئی کو ممکن بنانےکےلیے تمامتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور درپیش مسائل اور تمام درکار بنیادی سہولتوں کی نشاندہی کی جائے تو ان کو حل کیا جائے گا۔

بعدازاں تانڈور بار کونسل کیجانب سے تلنگانہ ہائیکورٹ کے معزز جسٹس بھیما پاکا نگیش اور وقارآباد ضلع کورٹ کے معزز جج ڈاکٹر سونم سرینواس ریڈی کو یادگار مومنٹوز پیش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔ساتھ ہی معزز سیول جج تانڈور محترمہ شیوا لیلا، نائب صدر تلنگانہ بار کونسل سنیل گوڑ اور ریاستی نمائندوں کی بھی شال و گلپوشی کی گئی۔

 

اس تقریب میں شرکت سے قبل تلنگانہ ہائیکورٹ کے معزز جسٹس بھیما پاکا نگیش اور وقارآباد ضلع کورٹ کے معزز جج ڈاکٹر سونم سرینواس ریڈی اننت گیری ہلز پر موجود ہریتا ریسارٹ پہنچے جہاں کلکٹر وقارآباد ضلع پرتیک جین نے انہیں گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا اور محکمہ پولیس وقارآباد ضلع کیجانب سے انہیں سلامی دی گئی۔

بعدازاں تلنگانہ ہائیکورٹ کے معزز جسٹس بھیما پاکا نگیش نے اننت گیری ہلز پر موجود اننتا پدما نابھا مندر میں خصوصی پوجا کی جہاں مندر انتظامیہ کیجانب سے ان کا شاندار خیر مقدم کیا گیا اور مندرکے ای او نریندر،مندر کے پجاری شیشا گری،پدما نابھم کے علاوہ مندر کے متعلقہ افراد موجود تھے۔