خواتین تمام شعبہ حیات میں حاصل مساوی حقوق کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ترقی کی منازل طئے کریں
وقارآباد میں عالمی یوم خواتین ، دو کلومیٹر کی دؤڑ میں ضلع کلکٹر پوسومی باسو اور ایس پی نارائنا نے بھی حصہ لیا
وقارآباد۔8۔مارچ (سحر نیوز ڈاٹ کام)
محترمہ پوسومی باسو کلکٹر ضلع وقارآباد نے ضلع کی تمام خواتین کو 107؍ویں عالمی یوم خواتین کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام شعبہ حیات میں خواتین کو بھی یکساں اور مساوی حقوق حاصل ہیں اور خواتین اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بالخصوص تعلیمی اور روزگار کے شعبہ میں ترقی کریں۔ضلع کلکٹر آج عالمی یوم خواتین کے موقع پر پولیس ٹریننگ سنٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔
قبل ازیں ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے ضلع ایس پی وقارآباد ایم۔ نارائنا کی قیادت میں وقارآباد کے اینے پلی چوراہا تا پولیس ٹریننگ سنٹر تک منعقد کی گئی دو کلومیٹر دؤڑ "2 K Run ” کو ہری جھنڈی دکھائی اور اس دو کلومیٹر طویل دؤڑ میں خود ضلع کلکٹر پوسومی باسو،ضلع ایس پی ایم ۔ نارائنا کے علاوہ خواتین ، طالبات ،پولیس عہدیداروں اورمختلف محکمہ جات کے سرکاری عہدیداروں کی بڑی تعداد نے حصہ لیتے ہوئے دؤڑ لگائی۔
اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کلکٹر ضلع وقارآباد پوسومی باسو نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنے اندر موجود صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تعلیمی میدان میں اپنے مقصد کو حاصل کریں۔
ضلع کلکٹر نے کہا کہ آج خواتین ہر شعبہ میں موجود ہیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہی ہیں ساتھ ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے خواتین سے کہا کہ وہ اپنی صحت کا بھی بہتر خیال رکھیں کیونکہ ایک خاتون پورے خاندان کی سربراہ ہوتی ہے اور صحت ہی سب کی بڑی دؤلت ہوتی ہے۔
ضلع ایس پی وقارآبادایم۔ نارائنا نے اس عالمی یوم خواتین کی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین تمام شعبہ حیات میں آگے آئیں بالخصوص محکمہ پولیس میں بھی خواتین بڑی تعداد میں شامل ہوں ۔
ضلع ایس پی نے کہا محکمہ پولیس خواتین اور طالبات کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت دستیاب ہے انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ لڑکوں اور لڑکیوں میں امتیاز کو ختم کرتے ہوئے لڑکیوں کو ذہنی تحفظ دیتے ہوئے باعزت طریقہ سے ان کی ترقی کی راہیں ہموار کریں ضلع ایس پی نے اس دو کلومیٹر دؤڑ میں حصہ لینے پرضلع کلکٹر پوسومی باسو، عہدیداروں، طالبات اور خواتین سے شکریہ اداکیا ۔
بعدازاں ڈی پی آرسی بھون میں منعقدہ عالمی یوم خواتین کی خصوصی تقریب میں ضلع کلکٹر پوسومی باسو نے شرکت کی جس میں مختلف ثقافتی پروگرام منعقد کیے گئے یہاں اپنے خطاب میں ضلع کلکٹر نے کہا کہ والدین لڑکی اور لڑکے میں فرق نہ کریں اور گھریلو کام کاج میں خواتین کیساتھ مردوں کا ہاتھ بٹانا کوئی معیوب بات نہیں ہے اور والدین اپنی لڑکیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں سماج کا بہترین حصہ بنائیں اور انہیں بھی ترقی کے مواقع فراہم کریں ۔ اس تقریب میں ضلع کلکٹر نے عالمی یوم خواتین کے ضمن میں منعقدہ کھیلوں کے مقابلہ میں اور دو کلومیٹر دؤڑ میں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات اور خواتین میں انعامات تقسیم کیے۔
اس تقریب میں ایڈیشنل کلکٹر موتی لال، ایڈیشنل ایس پی جناب ایم اے رشید ، ڈسٹرکٹ ویلفیئر آفیسر للیتا کماری، ڈی پی او محترمہ رضوانہ ، بی سی ویلفیئر آفیسر پشپا لتا ، وقارآباد ، تانڈور اور پرگی کے ڈی ایس پیز سنجیوا راؤ، لکشمی نارائنا اورسرینواس کے علاوہ ملازمین پولیس ، آنگن واڑی ٹیچرس ،سوپر وائزرس اور سکھی سنٹر کا عملہ بھی شریک تھا۔