” لوگ بیٹوں سے ہی رکھتے ہیں توقع لیکن
بیٹیاں اپنی بُرے وقت میں کام آتی ہیں "
پاپا ہمارے لیے کام کرتے ہیں،وہ کھانا بھی نہیں کھاتے
ایک کمسن لڑکی کا بلک بلک کر رونے والا جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
حیدرآباد:05۔فروری(سحرنیوز ڈیسک)
عورت مرد کے لیے اللہ کا ایک انمول اور حسین تحفہ ہے،اللہ نے عورت کی مسکراہٹ کو شفا بنایا،یہ مسکراہٹ ماں،بیٹی،بہن اور بیوی جیسے روپ میں ایک انمول تحفہ ہے۔اسلام نے ماں کے قدموں میں جنت رکھ دی،بیٹی کو رحمت بنادیا اور اچھی بیوی کو نعمت سے تشبیہ دے دی۔
ماں باپ کی نظروں میں اس کے تمام بچے ایک جیسے ہوتے ہیں یہ الگ بات ہے کسی ایک بچے بہت زیادہ رغبت نظرآجاتی ہے۔
زیادہ تر گھرانوں میں دیکھا جاتا ہے کہ بیٹیاں اپنے باپ سے بہت زیادہ قریب ہوتی ہیں۔باپ ان کی زندگی کا سب سے پہلا ہیرو ہوتا ہے۔اور باپ بھی اکثر اپنی بیٹیوں سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں۔
گزشتہ سال پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے باپ اور بیٹی کے خوبصورت رشتے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا کہ بیٹیاں اللہ تعالیٰ کابہت ہی خاص تحفہ ہوتی ہیں۔شان شاہد نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی بیٹی کے ساتھ ایک خوبصورت یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ” سب سے خوبصورت رشتہ باپ اور بیٹی کا ہے "۔
سوشل میڈیا پر چند سال سے ایک پوسٹ بہت زیادہ وائرل ہوتا آرہا ہے کہ” میرا بیٹا اس وقت تک میرا بیٹا ہے جب تک اسے بیوی نہیں مل جاتی اور میری بیٹی اس وقت تک میری بیٹی ہے جب تک میں دنیا سے نہیں چلا جاتا "۔
ٹوئٹر پر Journalist Naveen Raghuvanshi@ نے اس ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے اس کے ساتھ کیاپشن لکھا ہے کہ”پاپا کے لیے اتنی فکر،یہ ہوتی ہیں بیٹیاں،جن لوگوں کو بیٹیاں بوجھ لگتی ہیں وہ ایک بار اس ویڈیو کو ضرور دیکھیں”۔ ان کے اس ویڈیو کو ایک ہی دن میں 9،36،500 ٹوئٹر صارفین نے دیکھا ہے۔جبکہ اس ویڈیو کو 20،700 سے زائد صارفین نے لائیک کیا ہے اور اس ویڈیو کو 4،994 ٹوئٹر صارفین نے ری ٹوئٹ کیا ہے۔
٭٭
ان کو آنسو بھی جو مل جائیں تو مسکاتی ہیں
بٹیاں تو بڑی معصوم ہیں جذباتی ہیں
٭٭
لوگ بیٹوں سے ہی رکھتے ہیں توقع لیکن
بیٹیاں اپنی برے وقت میں کام آتی ہیں
٭٭
بیٹیاں سب کے مقدر میں کہاں ہوتی ہیں
گھر خدا کو جو پسند آئے وہاں ہوتی ہیں
ہم ان کے سامنے بیٹے دُعا میں مانگتے ہیں
شاعر: احمدسلیم

