حیدرآباد کا اہم تجارتی علاقہ ” بیگم بازار ” شام 5 بجے بند کردینے بیوپاریوں کا اعلان

حیدرآباد کا اہم تجارتی علاقہ ” بیگم بازار” شام 5 بجے بند کردینے بیوپاریوں کا اعلان

حیدرآباد: 8۔اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام) 

حیدرآباد کا تاریخی اوراہم تجارتی علاقہ ” بیگم بازار " کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر اب دوبارہ روزآنہ شام 5 بجے بند کردینے بیوپاریوں کی تنظیم ” حیدرآباد کرانہ مرچنٹس اسوسی ایشن ” نے اعلان کیا ہے۔

بیگم بازار جو کہ بشمول کرانہ جملہ دیگر کئی اشیاء کی مارکیٹ کے طورپر مشہور اور حیدرآباد کا اہم تجارتی علاقہ ہے جہاں سے ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع کے بشمول کرناٹک اور مہاراشٹرا کے کئی مقامات سے خریدی کیلئے روزآنہ بڑی تعداد میں لوگ پہنچتے ہیں اور یہ بازار ہمیشہ عوام سے بھرا ہوا ہوتا ہے۔ ایسے میں سماجی فاصلہ قائم رکھنا عوام اور بیوپاریوں کیلئے مشکل کا کام ہوتا ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ حیدرآباد کرانہ مرچنٹس اسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ اب بیگم بازار روزآنہ صبح 9 بجے تا شام بجے تک ہی کھلا رہے گا۔اور اس پر آج 8 اپریل سے عمل آوری کا آغاز ہوگا اسکے دؤران بیگم بازار کے تمام کاروباری اور تجارتی ادارے روزآنہ شام 5 بجے بند کرئیے جائیں گے۔جبکہ یہاں عام دنوں میں نصف شب تک بھی کاروبار ہوا کرتا تھا۔

بیگم بازار حیدرآباد ( فائل فوٹو)

صدر حیدرآباد کرانہ مرچنٹس اسوسی ایشن لکشمی نارائنا اور چیف سیکریٹری مہیش کمار نےاس سلسلہ جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیگم بازار کیساتھ ساتھ اس سے ملحق تجارتی علاقے بیگم بازار چھتری ، مچھلی مارکیٹ اور مٹی کا شیر کے بیوپاری بھی اس پر عمل کرتے ہوئے شام 5 بجے اپنے تمام کاروباری اور تجارتی ادارے بند کردیں گے۔

حیدرآباد کرانہ مرچنٹس اسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیا گیا بیان۔

انہوں نے بیوپاریوں اور بازار آنیوالے گاہکوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر تمامتر احتیاطی اقدامات کو ملحوظ رکھیں ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلہ قائم رکھیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں کورونا وائرس کی وباء کے آغاز کے بعد کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر 28 جون کو بھی بیگم بازار بند کردیا گیا تھا۔