زمین کو ہموار کرنے کے دؤران پانچ کلو سونا کا دفینہ نکل آیا
جنگاؤں:8۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)
کہتے ہیں کہ قسمت بدلنے دیر نہیں لگتی یہ آج تلنگانہ کے ضلع جنگاؤں کے ساکن نرسمہا کیساتھ بھی پیش آیا ہے۔
جنگاؤں منڈل کے موضع پیمبرتی کے ساکن نرسمہا نے ایک ماہ قبل رئیل اسٹیٹ کے تحت ایک وینچر بنانے کی غرض سے موضع میں 11 ایکڑ اراضی خریدی تھی۔
آج جے سی بی مشین کے ذریعہ اس اراضی کی صفائی اور اراضی کو مسطح کرنے کے کاموں کے دؤران زمین میں سے دفینہ نکل آیا اور گھڑے کی شکل میں موجود اس دفینہ میں بڑی مقدار سونا موجود ہے۔بتایا جاتا ہے یہ قدیم دؤر کا سونا زائد از پانچ کلو وزنی ہے!! جسے دیکھ کر مالک اراضی نرسمہا کیساتھ ساتھ اسکے ساتھی اور کام پر موجود مزدور حیرت زدہ ہوگئے۔
اس دفینہ کی برآمدگی کے بعد ناریل توڑکر اور اگربتیاں جلاکر اسکی پوجاپاٹ کی گئی،دفینہ کی برآمدگی کی اطلاع کیساتھ ہی عوام کی بڑی تعداد اس اراضی پر پہنچنے لگی۔ زمین سے برآمد اس دفینہ میں نایاب و قیمتی سونا اور چاندی کے مختلف ڈیزائن کے گہنے موجود ہیں۔
مالک اراضی نرسمہا جو کہ پیشہ سے کسان بتایا جاتا ہے نے بعدازاں اس دفینہ کی براآمدگی سے متعلق مقامی اطلاع پولیس اور محکمہ مال کے عہدیداروں کو دی تو عہدیدار جائے مقام پر پہنچ گئے۔ تمام تفصیلات حاصل کرنے کے بعد اس دفینہ کو گواہوں کی موجودگی میں تولا گیا بعد ازاں اس دفینہ میں موجود تمام سونا اور چاندی کے نادر و نایاب زیورات کو مہر بند کرتے ہوئے اپنی تحویل میں لے لیا۔
یاد رہے کہ کسی شخص کے ذاتی قدیم مکات یا اراضیات سے اگر دفینہ برآمد ہوتا ہے تو اس کی اطلاع محکمہ پولیس اور محکمہ مال کے عہدیداروں کو دینا ازروئے قانون لازمی ہے۔بعد ازاں اس دفینہ کی جملہ مالیت کا ایک حصہ مکان/اراضی مالک کو دیا جاتاہے۔
اس سرکاری تحویل میں لیے گئے دفینہ کی مالیت کروڑہا روپئے کی ہوسکتی ہے! تاہم یہ واضح نہیں ہوپایا ہے کہ آج نرسمہا کو دستیاب دفینہ کی بازاری قیمت کتنے کروڑ کی ہے؟
ویڈیو:
